رسائی کے لنکس

اوباما، کا زنسکی کے جنازے میں شریک ہوں گے


وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ صدر براک اوباما اتوار کے روز پولینڈ کے صدر لَیخ کازنسکی کے سرکاری جنازے میں شرکت کریں گے جو پچھلے ہفتے طیارے کے ایک حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

مسٹر اوباما کے پریس سیکریٹری نے کہا ہے کہ وہ ایک اہم اور بھروسے کے قابل اتحادی کے ساتھ گہرے دل سے امریکہ کے اظہارِ ہمدردی کے لیے کراکو جائیں گے۔

مسٹر اوباما نے منگل کے روز واشنگٹن میں جوہری سربراہی اجلاس کے دوسرے دن کے آغاز میں صدر کازنسکی کے لیے خاموشی کے ایک لمحے کی قیادت کی۔

وارسا میں پولینڈ کی پارلیمنٹ نے مسٹر کازنسکی ، اُن کی اہلیہ ماریا اور ہفتے کے روز طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے پولینڈ کے دوسرے اعلیٰ عہدے داروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی اجلاس کیا۔

پولینڈ کی پارلیمنٹ کے رُکن یُوجَین کُش کَوُہ پوہ ٹَیک نے وائس آف امریکہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس المیے کا اگر کوئى اچھا نتجہ سامنے آیا ہے تو وہ یہ ہے ہم زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور سیاست دانوں کو تفرقے ڈالنے کی بجائے باہم متحد ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔

منگل کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس سے تھوڑی ہی دیر پہلےقومی پرچم میں لِپٹا ہوا خاتون اوّل ماریا کا زنسکی کی میّت کاتابوت دارالحکومت پہنچا تھا ۔ تابوت کو ایوانِ صدارت میں اُن کے شوہر کے تابوت کے برابر رکھدیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG