رسائی کے لنکس

امیدواروں پر لازم ہے کہ ’ شفافیت‘ سے کام لیں: صدر اوباما


مسٹر اوباما کولمبیا میں ہیں، جہاں اِن دِنوں دو روزہ اجلاس جاری ہے، جس میں خطے کے 33ریاستی یا حکومتی سربراہان شرکت کر رہے ہیں

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ دوبارہ منتخب ہونے پر، وہ عہدے کی دوسری میعادکے آغاز ہی پراِمی گریشن سے متعلق اہم قانون سازی پر زور دیں گے۔

امریکی براعظم کے سربراہ اجلاس کی کارروائی سےباہر ’ یونی ڈویژن‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں مسٹر اوباما نے، جو ایک ڈیموکریٹ ہیں، کہا کہ وہ اِسی سال تارکین ِوطن سے متعلق اصلاحات پر کام کرنا چاہتے تھے، لیکن اُنھیں ری پبلیکنز سے درکار مددمیسر نہیں ہوئی۔

مسٹر اوباما کولمبیا میں ہیں، جہاں اِن دِنوں دو روزہ اجلاس جاری ہے، جس میں خطے کے 33ریاستی یا حکومتی سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔


صدر نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ممکنہ انتخابی حریف ، میساچیوسٹس کے سابق گورنر مِٹ رومنی پر نکتہ چینی کی۔ اُن کے بقول، اب ایک نامزد ری پبلیکن ہمارے سامنے ہیں، جِن کا کہنا ہے کہ ایریزونا کے قوانین ملک بھر کے لیے ایک ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں۔

ایریزونا میں 2010ء میں ری پبلیکن گورنر جان بریوئر کے دستخط سےایک قانون سازی کی گئی ہے جِس کے ذریعے ریاست اور مقامی پولیس سے کہا گیا ہے کہ جِن لوگوں پرملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا شبہ ہو، اُن کے اِمی گریشن اسٹیٹس کو دیکھا جائے اور ایسے لوگوں کو ملک بدر کرنے کا کام چابک دستی سے بجا لایا جائے۔

مسٹر اوباما نے ٹیکسز کے دوسرے اہم انتخابی معاملے پر بھی رومنی پر نکتہ چینی کی۔

صدر نے رومنی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے جاری کریں۔ مسٹر اوباما نے کہا کہ امیدواروں کے لیے لازم ہے کہ وہ جس حد تک ممکن ہو’ شفافیت‘ سے کام لیں۔

رائٹرز نیوز ایجنسی نے رومنی کی ایک خاتون ترجمان کےحوالے سے خبر جاری کرتے ہوئےکہا ہے کہ رومنی کے ٹیکس سے متعلق بیان دے کر، دراصل مسٹراوباما امریکیوں کے ’اصل مسائل‘ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG