رسائی کے لنکس

دوسرا صدارتی مباحثہ منگل کو ہوگا، دونوں امیدواروں نے تیاری شروع کردی


Debate Stakes
Debate Stakes

پولنگ میں رومنی کا راستہ روکنے کے لیے ضروری ہے کہ صدر دوسرے مباحثے میں اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظاہرہ کریں

صدر براک اوباما اور اُن کے مدِ مقابل صدارتی امیدوار، مِٹ رومنی دونوں اِس وقت دوسرے مباحثے کی تیاری میں مصروف ہیں، جب کہ چھ نومبر کے صدارتی انتخاب سے قبل اُن کے درمیان کُل تین قومی مباحثے ہوں گے۔

پولنگ میں رومنی کا راستہ روکنے کے لیے ضروری ہے کہ صدر دوسرے مباحثے میں اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظاہرہ کریں۔

دوسرا صدارتی مباحثہ انتخابات سے تین ہفتے قبل، منگل، اکتوبر 16 کو نیو یارک سٹی کے نزدیک ہوفسٹرا یونیورسٹی میں منعقد ہوگا۔

دونوں امیدواروں نے ہفتے کو اپنا زیادہ تر وقت مباحثے کی تیاری میں گزارا ۔ تاہم، اُن کی آنکھیں اوہائیو پر لگی رہیں جس کے بارے میں زیادہ تر ماہرین کےخیال میں الیکشن کا اصل دنگل اِسی ریاست میں لگے گا۔

اپنے ہفتہ وار ریڈیو اور انٹرنیٹ خطاب میں صدر اوباما نے آٹو کی بیمار امریکی صنعت کے لیے2009ء میں دیے گئے بیل آؤٹ پیکیج کےاپنے فیصلے کا ذکر کیا، جس کے نتیجے میں اوہائیو میں کار سازی سے وابستہ روزگار کے سب سے زیادہ مواقع فراہم ہوئے۔

اُن کے بقول، ہم نے صرف لفاظی سے کام نہیں لیا بلکہ کچھ کر کے دکھایا۔ ہم نے ڈیٹرائٹ کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ میرا امریکی کارکنوں اور ایجاد کی امریکی صلاحیت پر پختہ یقین رہا ہے، اور تین برس کے اندر اندر، بہترین نتائج سامنے آئے۔

صدر نے ووٹروں کو یاد دلایا کہ امریکہ کی کارسازی کی صنعت کو درپیش مسائل عبور کیے جا چکے ہیں۔


اُنھوں نے کہا کہ چار سال پہلے کے مقابلے میں آج موٹر کاروں کی فروخت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔’ جی ایم‘ کا ادارہ بحال ہوچکا ہے۔ فورڈ اور کریسلر ادارے بھی پھر سے فروغ پا رہے ہیں۔ مجموعی طور پر آٹو انڈسٹری نے امریکہ میں ڈھائی لاکھ کے قریب روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔

صدر کی بیگم، خاتون اول مشیل اوباما پیر کو اوہائیو میں صدارتی انتخابی مہم چلائیں گی۔

ہفتے کے روز صدر نے پورٹس ماؤتھ میں شانی اسٹیٹ یونیورسٹی میں ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ مباحثے کی بدولت اُنھیں یہ موقعہ میسر آیا ہے کہ اپنی پالیسیوں کی وضاحت کریں۔


ادھر، رومنی نے کہا ہےکہ اُنھیں اپنی جیت کا یقین ہے، اور یہ کہ کچھ ہفتے قبل اُنھوں نے اسی پختہ یقین کا اظہار کیا تھا۔

اُن کے بقول، بات یہ ہے کہ آپ واشنگٹن کے اندر بیٹھ کر تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔ آپ باہر سے اُس میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔

رومنی کے نائب صدارتی امیدوار، پال رائن بھی ہفتے کو اوہائیو ہی میں تھے اور اُنھوں نے ینگس ٹاؤں میں خطاب کیا۔ کئی ایک تجزیہ کاروں کےخیال میں منگل کو نائب صدر جو بائیڈن کے ساتھ ہونے والے مباحثے میں رائن نے اچھی کارکردگی دکھائی۔

ہفتے کے روز انتخابی مہم جاری رکھنے سے قبل، رومنی نے ریاست کے دارالحکومت کولمبس میں چار گھنٹے گزارے، جہاں اُنھوں نے منگل کو ہونے والے مباحثے کے لیے تیاری کی۔ اس موقعے پر مباحثے کی تربیت دینے والے ساتھی اور اوہائیو سے ریپبلیکن پارٹی کے سینیٹر راب پورٹمین اور اُن کے کئی اعلیٰ مشیر موجود تھے۔

ہفتے کو اوباما ورجینیا کے تاریخی شہر ولیمز برگ روانہ ہوئے جہاں وہ تین روز تک مباحثے کی تیاری کریں گے۔ اُن کے ہمراہ اُن کے اعلیٰ مشیر اور مباحثے کی تربیت میں مدد دینے کے لیے اُن کے ساتھی ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر جان کیری موجود ہیں۔

رائے عامہ کے جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ زیادہ تر امریکیوں کے خیال میں 11اکتوبر کو ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے میں رومنی کو واضح سبقت حاصل ہوئی۔ بعدازاں، اوباما پر سست روی کا مظاہرہ کرنے اور اپنے مد مقابل کے حٕملوں کا ترکی بہ ترکی جواب نہ دینے پر نکتہ چینی ہوئی۔
XS
SM
MD
LG