رسائی کے لنکس

اوباما اور روسی صدر کی ملاقات: معاشی تعلقات ، ایران پر بات ہوگی


وائٹ ہاؤس نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ دونوں رہنما تجارت، سرمایہ کاری اور ایجادات کے ذریعے تعاون کو فروغ دینے کے نئے طریقے تلاش کریں گے

روسی صدر دِٕمتری میدودیف امریکہ کے دورے میں صدر اوباما سے ملاقات میں تجارت اور کاروباری تعاون کو فروغ دے کر باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی بات کریں گے۔

امریکہ روانہ ہونے کے بعد بدھ کو روسی صدر پہلے کیلی فورنیا کی سلیکون ویلی میں کاروباری لوگوں سے ملنے والے ہیں۔ سلیکان ویلی متعدد ہائی ٹیک کمپنیوں کا مرکز ہے۔ روسی معیشت کو جدیدخطوط پر استورا کرنے کے لیے وہ امریکی طرز کی ٹیکنالوجی اور اختراع کے طریقے اپنانے پر زور دیتے رہے ہیں۔

جمعرات کو مسٹر میدودیف وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر براک اوباما سے مذاکرات کریں گے۔
وائٹ ہاؤس نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ دونوں رہنما تجارت، سرمایہ کاری اور ایجادات کے ذریعے تعاون کو فروغ دینے کے نئے طریقے تلاش کریں گے۔

ملاقات کے بعد، مسٹر میدودیف اور مسٹر اوباما اِس ہفتے ہونے والی گروپ آف 8 اور گروپ آف 20کے صنعتی ملکوں کی کانفرنسوں میں شرکت کے لیے کینیڈا روانہ ہوں گے۔

اِس سے قبل اپریل 2009ء میں مسٹر اوباما اور مسٹر میدودیف لندن میں ملاقات کر چکے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ تعلقات میں بہتری لانے کے لیے امریکہ اور روس نے گذشتہ 18ماہ کے دوران اہم پیش رفت کی ہے۔بیان میں اپریل میں جوہری ہتھیاروں کی تخفیف کے سمجھوتے پر دستخط کے ساتھ ساتھ ایران اور شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف نئی پابندیاں لگانے پر سمجھوتے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG