رسائی کے لنکس

جنگ جاری رہے گی: اوباما


امریکہ کے صدر براک اوباما نے امریکیوں سے کہا ہے کہ وہ معیشت کو درست کرنے، روزگار کے وسائل پیدا کرنے اور حفظانِ صحت کے نظام کی اصلاح کے لیے اپنی جدّو جہد کو ختم نہیں کریں گے۔

صدر اوباما نے وسط مغربی ریاست اوہائیو میں ایک ٹاؤن ہال جلسے میں انتخابی مہم کی یاد تازہ کرنے والی ایک دھواں دھار تقریر میں کہا ہے کہ وہ محض اس لیے کہ ملک کو درپیش چیلنج بہت مشکل ہیں، میدان چھوڑ کر نہیں چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اُن کے لیے یہ بات قابلِ فہم ہے کہ اس ہفتے واشنگٹن میں لوگ یہ جاننے کے لیے اس قدر ذہنی کھلبلی میں کیوں مبتلا رہے کہ ریاست میسا چوسٹس سے ایک ری پبلکن کا الیکشن، حفظانِ صحت کے نظام کی اصلاح اور اُن کے باقی ایجنڈے کے لیے کیا معنی رکھتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ بدستور کوشش کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رائے عامّہ کے جائزوں میں اپنی مقبولیت میں اضافہ کرنے یا سیاسی فتوحات حاصل کرنے کے لیے مسائل سے نہیں نمٹتے۔

امریکی سینٹ میں ڈیمو کریٹک سینیٹر ایڈورڈ کینیڈی کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پر سکاٹ براؤن کے منتخب ہو جانے سے 100ارکان کی سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کے ارکان کی تعداد اب 41 ہو گئى ہے۔ اور یہ تعداد حفظانِ صحت کے نظام کی اصلاح کی مانند ڈیموکریٹس کے پیش کیے ہوئے دوسرے بِلوں کی منظوری میں رُکاوٹ یا تاخیر ڈالنے کے لیے کافی ہے۔

صدر اوباما نے ملک کے بینکوں اور موٹر سازی کی صنعت کو ڈوب جانے سے بچانے کے لیے اپنے غیر مقبول اقدامات سمیت ملک کی معیشت کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھی درست قرار دیا۔

XS
SM
MD
LG