رسائی کے لنکس

صدر اوباما کے افغان رہنماؤں کو ٹیلی فون


فائل
فائل

وہائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما نے افغان رہنماؤں کی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کی تعریف کی۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے افغانستان کے صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی ان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

وہائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق صدر اوباما نے جمعرات کو اپنے افغان ہم منصب اشرف غنی کو ٹیلی فون کرکے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما نے افغان صدر پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں اتفاقِ رائے سے ایک ایسی قومی حکومت کےقیام کی جانب پیش رفت کو تیز کریں جس میں تمام فریقین کی نمائندگی ہو۔

وہائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما نے افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کو بھی ٹیلی فون کیا اور افغان رہنماؤں کی پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کی تعریف کی۔

افغانستان میں صدر اشرف غنی کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد کابل اور اسلام آباد کے تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے جو اس سے قبل صدر حامد کرزئی کے طویل دورِ اقتدار میں اتار چڑھاؤ کا شکار تھے۔

حالیہ عرصے کے دوران دونوں ملکوں کے سفارتی اور فوجی حکام نے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے تواتر سے دورے کیے ہیں۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ افغان طالبان اور کابل حکومت کے درمیان مصالحت کے لیے فریقین کے درمیان مذاکرات کے آغاز کی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG