رسائی کے لنکس

سیاسی مہم پرخرچ، اوباما کا اصلاحات پرزور


صدر اوباما
صدر اوباما

امریکی صدر براک اوباما نے سپریم کورٹ کے اُس حالیہ فیصلے کا سامنا کرنے کے لیے، جِس میں کارپوریشنوں اور امریکی سیاسی مہموں میں لامحدود رقم خرچ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اصلاحات کی اپیل کی ہے۔

اپنے ہفتہ وار ریڈیو نشریے میں مسٹر اوباما نے کہا کہ کانگریس کو کمپنیوں اور دوسرے مخصوص مفادات رکھنے والوں کو واشنگٹن میں اور بھی زیادہ اثر رسوخ حاصل کرنے سے روکنے کے لیے نئے اقدامات پر غور کرنا چاہیئے۔

مسٹر اوباما نے ایسی اصلاحات کی تجویز پیش کی جو سیاسی مہم کی کمیٹیوں کو اپنے فنڈ کے ذرائع ظاہر کرنے پر مجبورکرتی ہیں۔

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ جب کبھی کوئی کارپوریشن نئی مہم کے اشتہار کے لیے رقم ادا کرے تو اُس کارپوریشن کی کسی اہم شخصیت کو اُسی اشتہار میں سامنے آنا چاہیئے اور اُس کی ذمے داری قبول کرنی چاہیئے۔

مسٹر اوباما نے غیر ملکی کمپنیوں اور غیر ملکی قومیت رکھنے والے افراد کی جانب سے مہموں پر رقم خرچ کرنے پر پابندیوں کا مطالبہ بھی کیا۔

جنوری میں امریکی سپریم کورٹ نے کارپوریشنوں کی جانب سے سیاسی مہموں پر طویل عرصے سے عائد پابندیوں کو مسترد کر دیا تھا۔ اکثریت کی بنا پر منظور کیے جانے والے اِس فیصلے میں ججوں نے کہا تھا کہ کارپوریشنوں کو آزادی اظہار کے وہی حقوق ہیں جو کسی عام شہری کو حاصل ہیں اور یہ کہ مہم کے بارے میں ماضی کے مالیاتی قوانین غیر آئینی ہیں۔

XS
SM
MD
LG