رسائی کے لنکس

اوباما اپنے دور صدارت میں پہلی بار امریکی مسجد کا دورہ کریں گے


صدر اوباما مسلم برادری کے ارکان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد اپنے خطاب میں وہ "اپنی روایات سے مخلص رہنے کی اہمیت، تعصب کی مخالفت، عدم مساوات کو مسترد کرتے ہوئے مذہبی آزادی کی قومی روایت کے تحفظ پر بات کریں گے۔"

امریکہ کے صدر براک اوباما اپنے دور صدارت میں پہلی بار ایک امریکی مسجد کا دورہ کریں گے۔

وائٹ ہاوس کے مطابق بدھ کو صدر اسلامک سوسائٹی آف بالٹیمور کا دورہ کریں گے جس کا مقصد "قوم کے لیے امریکی مسلمانوں کی خدمات کو سراہنا اور ہماری زندگیوں میں مذہبی آزادی کی اہمیت کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔"

وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ اوباما مسلم برادری کے ارکان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد اپنے خطاب میں وہ "اپنی روایات سے مخلص رہنے کی اہمیت، تعصب کی مخالفت، عدم مساوات کو مسترد کرتے ہوئے مذہبی آزادی کی قومی روایت کے تحفظ پر بات کریں گے۔"

گزشتہ سال پیرس اور کیلیفورنیا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد صدر اوباما نے امریکی مسلمانوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں ان کی مدد کریں۔

صدر نے امریکی عوام سے یہ اپیل بھی کی تھی کہ وہ سیاستدانوں خاص طور پر صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسلم مخالف بیانات کو مسترد کریں۔

گزشتہ ماہ سان برنارڈینو میں ایک مسلمان جوڑے کی طرف سے فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک کرنے کے واقعے کے بعد ٹرمپ نے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کی بات کی تھی۔

XS
SM
MD
LG