رسائی کے لنکس

اوباما کے دورہ بھارت کے لیے امریکی سفارت خانے کی تیاریاں


امریکی صدر براک اوباما
امریکی صدر براک اوباما

امریکی صدر براک اوباما کےاس سال نومبر میں دورہ بھارت کے سلسلے میں امریکی سفارتی مشن نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔بھارت میں امریکی سفارت خانہ دلی کی ترجمان ایلزبتھ ین فٹسمنز ملک کے مختلف شہروں کا دورہ کرتے ہوئے امریکی صدر کے مجوزہ دورہ کے بارے میں عوامی رائے جاننے کی کوشش کررہی ہیں۔اس سلسلے میں ایلزبتھ فٹسمنز نے منگل کے دن حیدرآباد کا دورہ کیا اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے امریکی پالیسیوں کے بارے میں مسلمانوں کی رائے جاننے کے لیےاردو اخبارات کادورہ کیا اور ایڈیٹرز اور صحافیوں سے ملاقات کی۔وہ خاص طور پر ان شہروں کا دورہ کررہی ہیں جہاں امریکی کونسلیٹ واقع ہیں۔مس ایلزیبتھ نے بتایا کی وہ اردو میڈیا اور مسلمانوں کی رائے جاننے کی کوشش کررہی ہیں۔میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی اوباما انتظامیہ کی کوشش ہے کہ فلسطین اسرائیل تنازع کا خوش گوار حل تلاش کیا جائے۔اس کے لئے امریکہ فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی مساعی کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ براک اوباما نے صدارت کی ذمے داری سنبھالنے کے بعد مسلم دنیا اور مسلمانوں کو قریب کرنے کا بیڑا اٹھایا اور اس میں انہیں کامیابی بھی ملی۔ مس ایلزبتھ نے کہا کہ امریکہ کے بارے میں مسلمانوں میں پائی جانے والی کئی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوا ہے اور مسلمان بھی یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ امریکہ مسلم اور اسلام مخالف نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں امریکی سفارتی عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ اوباما دور میں مسئلہ فلسطین کا کوئی حل ضرور نکل آئے گا۔امریکہ فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کرتا ہے۔انہوں نے گراؤنڈ زیرو کے قریب مسجد کی تعمیر کے لیے صدر اوباما کی تائید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکی حکومت ہر مذہب کا یکساں احترام کرتی ہے۔اگرچہ بعض گوشوں سے اس کی مخالفت کی جارہی ہے لیکن امید کی جاسکتی ہے کہ اس کا قابل قبول حل نکل آئے گا۔

امریکی سفارت خانہ کی ترجمان نے بھارت امریکہ اسٹریٹجک تعلقات میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اوباما کے مجوزہ دورہ سے تعلقات میں مزید استحکام حاصل ہوگا۔دونوں ملک صحت،سائنس و ٹیکنالوجی،تعلیم اور دوسرے شعبوں میں مل کر کام کررہے ہیں۔ترجمان نے افغانستان میں بھارت کے کردار کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امریکہ افغانستان کی تعمیر نو میں بھارت کے رول کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں دونوں ملک مشترکہ طور پر پراجیکٹس کا آغاز کرسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG