رسائی کے لنکس

ایران اور امریکہ 'ایک نئے مستقبل کا انتخاب کر سکتے ہیں': صدر اوباما


اوباما کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس مسئلے کو پُرامن سفارتی ذرائع سے حل کر سکتے ہیں اور یہ کہ ایرانی رہنماؤں کو دو راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہے۔

صدر براک اوباما نے ایرانیوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کئی دہائیوں بعد یہ’’ایک بہترین موقع‘‘ ہے جب ایران اور امریکہ ایک نئے مستقبل کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ان کے بقول شاید یہ موقع جلد دوبارہ نہ آئے۔

اب جبکہ ایران کے جوہری معاملے پر معاہدہ طے کرنے کی حتمی تاریخ میں صرف ایک ہفتے سے کچھ زیادہ وقت باقی رہ گیا ہے، اوباما نے کہا کہ آنے والے دن انتہائی اہم ہوں گے۔ انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مستقبل کے لیے آواز اٹھائیں جس کے لیے ’’ہم کوشاں ہیں‘‘۔

اوباما کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس مسئلے کو پُرامن سفارتی ذرائع سے حل کر سکتے ہیں اور یہ کہ ایرانی رہنماؤں کو دو راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہے۔

’’اگر وہ کسی معقول معاہدے پر راضی نہیں ہوتے تو وہ ایران کو اسی راستے پر رکھیں گے جس پر وہ آج چل رہا ہے، جو ایسا راستہ ہے جس نے ایران اور ایرانی عوام کو دنیا کے بڑے حصے سے الگ تھلگ رکھا ہوا ہے، جس کی وجہ سے ایرانی خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے اور ایران کے نوجوان ملازمتوں کے ان مواقع سے محروم رہے ہیں جس کے وہ حقدار تھے۔‘‘

اوباما نے کہا کہ دوسرا راستہ ایران کو ایک بہتر مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔ اگر ایران ایک معقول جوہری معاہدے پر تیار ہو جائے تو یہ ایرانیوں کے لیے روشن مستقبل کے دروازے کھول دے گا۔

صدر اوباما نے اپنے وڈیو پیغام میں حافظ کے ایک شعر کا ترجمہ بھی پڑھا اور ایرانیوں سے اپیل کی وہ اس بہار ایک بہتر مستقبل کا انتخاب کریں۔

نوروز بہار کی آمد پر ایرانی نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG