رسائی کے لنکس

جاپان: اوکی ناوا کے گورنر کا نئے امریکی فضائی اڈے کی تعمیر روکنے کا اعلان


(فائل فوٹو ) گورنر تاکیشی اوناگا
(فائل فوٹو ) گورنر تاکیشی اوناگا

جاپان کی کابینہ کی چیف سیکرٹری یوشی ہیدی سوگا نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ گورنر اوناگا کے فیصلے کے باوجود ہینوکو کے نئے اڈے پر کام جاری رہے گا۔

جاپان کے جنوبی جزیرے اوکی ناوا کے گورنر تاکیشی اوناگا نے کہا ہے کہ وہ اپنے جزیرے پر ایک نئے امریکی فوجی اڈے کی تعمیر کے اجازت ناموں کو منسوخ کر دیں گے۔ یہ بیان ان کی انتظامیہ اور ٹوکیو کے درمیان اس معاملے پر ہونے والے مذاکرات کا سلسلہ ٹوٹنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

تاکیشی اوناگا نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کی حکومت سابقہ حکومت کی طرف سے ابتدائی طور پر جاری کیے گئے اجازت ناموں میں ’’نقائص‘‘ سامنے آنے کے بعد یہ اقدام اٹھا رہی ہے۔ ان کی طرف سے اس فیصلے کا اعلان اوکی ناوا کے دور افتادہ ہینوکو نامی گاؤں میں فضائی اڈے کی تعمیر کا کام شروع ہونے کے چند دنوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس مقام پر ہونے والے کام کو ایک ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے تاکہ اس معاملے پر مذاکرات کیے جا سکیں۔

گزشتہ سال اوناگا اس وعدے پر گورنر منتخب ہوئے تھے کہ امریکی میرینز کور کے فیوتنما کے فضائی اڈے کو اوکی ناوا کے گنجان آباد علاقے سے ہینکو منتقل کرنے کی بجائے اس تنصیب کو کسی دوسرے جزیر ے میں منتقل کیا جائے گا۔ ٹوکیو اور امریکہ نے فضائی اڈے کی وجہ سے اس علاقے میں شور کی آلودگی اور امریکی فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد کی جزیرے پر موجودگی سے متعلق شکایات کو تسلیم کرتے ہوئے اس کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے بارے میں مذاکرات کیے تھے۔

اوکی ناوا جزیرے پر 19,000 سے زائد امریکی میرینز تعینات ہیں جن کا مقصد علاقائی خطرات کی صورت میں فوری ردعمل، قدرتی آفات میں مدد فراہم کرنا اور امریکہ اور جاپان کے مفادات کا دفاع کرنا ہے۔

جاپان کی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشی ہیدی سوگا نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ گورنر اوناگا کے فیصلے کے باوجود ہینوکو کے نئے اڈے پر کام جاری رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت اوناگا کے اقدام کو روکنے کے لیے مقدمہ دائر کرے گی۔

سوگا نے کہا کہ ’’ہم اس معاملے پر اس وقت سے کام کر رہے ہیں جب ہمیں اوکی ناوا کے صوبے کی طرف سے 19 سال قبل (اس کو منتقل کرنے کی) درخواست موصول ہوئی تھی۔ ہم نے امریکہ اور جاپان کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت بعد میں اس اڈے کو اوکی ناوا میں دوسری جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے فیوتنما کے فضائی اڈے (کی رہائشی علاقے کے قریب موجودگی) کے خطرے کو کم کرنے اور اسے بند کرنے کی پالیسی پر اتفاق کیا۔ مجھے گورنر اوناگا کے بیان پر افسوس ہوا ہے کیونکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس بیان میں (فیوتنما کے متعلق) خطرے کو کم کرنے کے لیے مختلف فریقوں کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔‘‘

XS
SM
MD
LG