رسائی کے لنکس

لندن اولمپکس: حفاظتی انتظامات جانچنے کے لیے فوجی مشقیں


برطانوی مسلح افواج بدھ سے ایک بڑی فوجی مشق کا آغاز کر رہی ہیں جس کا مقصد موسمِ گرما میں لندن ہونے والے اولمپکس 2012ء مقابلوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔

مشقوں میں برطانوی بری فوج کے علاوہ رائل ایئر فورس اور رائل نیوی کے اہلکار بھی حصہ لیں گے۔ ان مشقوں کو 'ایکسر سائز اولمپک گارڈین' کا نام دیا گیا ہے اور یہ 2 تا 9 مئی جاری رہیں گی۔

مشقوں کا مقصد اولمپک کے موقع پر ہونے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا دہشت گردی کی کوشش کی صورت میں سیکیورٹی اداروں کے فوری ردِ عمل کو یقینی بنانا ہے۔

تین مرحلوں میں ہونے والی مشقوں کا پہلا مرحلہ لندن کے جنوبی ساحلی علاقے میں، دوسرا لندن کی فضائی حدود میں جب کہ آخری مرحلہ لندن کے درمیان بہنے والے دریائے ٹیمز میں منعقد ہوگا۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے اعلان کے مطابق ان نو روزہ مشقوں کے دوران میں شاہی بحریہ کے 'سی کنگ' ہیلی کاپٹر، فضائیہ کے 'ٹائیفون' جنگی طیارے اور 'پوما' ہیلی کاپٹروں سمیت فوج کے پانچ مختلف اقسام کے طیارے اور ہیلی کاپٹر حصہ لیں گے۔

لندن شہر اور اس کے مضافات میں ہونے والی ان مشقوں میں طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے علاوہ جنگی کشتیاں، مصنوعی میزائل اور دیگر بھاری اسلحے کا استعمال بھی کیا جائے گا۔

وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ مشقوں کے دوران میں کم از کم تین مواقع پر فوجی طیارے لندن شہر پہ صرف 500 فٹ کی بلندی پر پرواز کریں گے۔

برطانیہ کے وزیرِ دفاع فلپ ہیمنڈ کا کہنا ہے کہ بیشتر مشقیں عوام کے سامنے کی جائیں گی جس سے برطانوی عوام کو یہ یقین دلانے میں مدد ملے گی کہ کھیلوں کے ان بین الاقوامی مقابلوں کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 27 جولائی سے شروع ہونے لندن اولمپک 2012ء کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے برطانوی سیکیورٹی اداروں کے 40 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جنہیں خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔

XS
SM
MD
LG