رسائی کے لنکس

تبت کی شناخت: اوباما کی دلائی لاما کوموثر حمایت کی یقین دہانی


دلائی لاما صدر اوباما کے ساتھ، وہائیٹ ہاؤس میں
دلائی لاما صدر اوباما کے ساتھ، وہائیٹ ہاؤس میں

وہائیٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے عدم تشدد اور چینی حکومت کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اپنائے رکھنے پر دلائی لاما کی تعریف کی۔

امریکی صدر براک اوباما نے دلائی لاما کو بتایا کہ تبت کی منفرد مذہبی ، ثقافتی اور لسانی شناخت ، اور چین میں تبت کے باشندوں کے انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے امریکہ کی طرف سےمضبوط حمایت جاری رہے گی۔

چین کی طرف سے احتجاجوں کے باوجود، صدر نے جمعرات کو تبت کے جلا وطن رہنما دلائی لاما سے وائیٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

وہائیٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے عدم تشدد اور چینی حکومت کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اپنائے رکھنے پر دلائی لاما کی تعریف کی۔


اِس میں کہا گیا ہے کہ مسٹر اوباما اور دلائی لاما نےامریکہ اور چین کے مابین مثبت اور اشتراکِ عمل پر مبنی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر رضامندی کا اظہار کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ مسٹر اوباما کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مذہبی ہم آہنگی اور انسانی حقوق کے فروغ اورقیادت کے حوالے سے خواتین کے بڑھتے ہوئے عمل دخل پر گفتگو کی۔


ملاقات پر چین کی طرف سے برہمی کے بیانات جاری ہوئے ہیں، جِن میں کہا گیا ہے کہ چین سختی کے ساتھ اِس کی مخالفت کرتا ہے۔ گذشتہ ہفتے چین نے امریکہ سے مطالبہ کیا تھا کہ دلائی لاما کو ملاقات کی دعوت فوری طور پر منسوخ کی جائے۔

یہ ملاقات وائیٹ ہاؤس کے میپ روم میں ہوئی، نہ کہ اوول آفس میں جومسٹر اوباما کا سرکاری دفتر ہے۔ چونکہ، اِس تقریب میں پریس کو شرکت کی اجازت نہیں تھی، اِس لیے وائیٹ ہاؤس سرکاری طور پر اِس تقریب کی تصاویر جاری کرے گا۔


چین کی وزارتِ خارجہ امور کے ایک ترجمان نے گذشتہ ہفتے کہا کہ ملاقات کے باعث امریکہ اور چین کے مابین تعلقات کو دھچکہ لگے گا، جو امریکہ کی طرف سے تائیوان کو اسلحے کی فراہمی کے منصوبے، چین کی کرنسی کے تبادلے کی شرح اور چین کی انٹرنیٹ پر پابندی سے متعلق امریکی تشویش کی بنا پر پہلے ہی تلخ چلے آرہے ہیں۔

پچھلے برس دلائی لاما امریکہ میں ہی تھے جب مسٹر اوباما چین کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔ لیکن صدر نے دورے کی واپسی تک ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سابق امریکی صدور دلائی لاما سے ملاقات کر چکے ہیں، بشمول جارج ڈبلیو بش کے جنِھوں نے 2007ء میں اُنھیں کانگریس کی طرف سے طلائی تمغے سے نوازا تھا۔

XS
SM
MD
LG