رسائی کے لنکس

فلسطینی فلم ’عمر' آسکر کی دوڑ میں شامل


محبت کی یہ کہانی اس وقت ڈرامائی موڑ لیتی ہے جب عمر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسرائیلی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے ایک فوجی کو ہلاک کر دیتا ہے اور خود گرفتار ہو جاتا ہے

آسکر ایوارڈز کے لئے یوں تو دنیا بھر کے ممالک انٹریز بھیجتے ہیں جو بہترین غیرملکی فلم کی کیٹگری میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتی ہیں، لیکن اس مرتبہ کچھ مختلف یہ ہوا کہ اسرائیل اور فلسطین دونوں نے اپنی اپنی فلمیں آسکر ایوارڈ کی نامزدگی کے لئے روانہ کیں۔

اسرائیل، فلسطین تنازع کو سلور اسکرین پر دیکھنے کے خواہشمند فینز میں آسکر ایوارڈز کے بارے میں ایکسائٹمنٹ اس وقت اور بڑھ گئی جب فلسطینی فلم ’عمر‘ کو بہترین غیرملکی فلم کی کیٹگری کے لئے منتخب کئی گئی پانچ فلموں میں شامل کر لیا گیا۔

اس کے برعکس، اسرائیل کی فلم ’بیت اللحم‘ کو آسکر کی دوڑ میں شامل نہیں کیا گیا۔

’بیت اللحم‘ میں ’شین بیت‘ یعنی اسرائیلی اہلکاروں کو ان فلسطینی گروپوں کے خلاف کارروائیاں کرتے دکھایا گیا ہے جو اسرائیل کے خلاف کام کررہے ہیں۔

’عمر‘ ایک ایسی لو اسٹوری ہے جس میں اسرائیل، فلسطین کشیدگی کا رنگ نمایاں ہے۔

فلم کا ہیرو نوجوان بیکر عمر (آدم بکری) خوبصورت لڑکی نادیہ (لیم لوبانی) کے عشق میں گرفتار اسرائیل کے اس علاقے میں پہنچ جاتا ہے جہاں نادیہ رہتی ہے۔ محبت کی یہ کہانی اس وقت ڈرامائی موڑ لیتی ہے جب عمر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسرائیلی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے ایک فوجی کو ہلاک کردیتا ہے اور خود گرفتار ہو جاتا ہے۔

غیروں کے مظالم اور اپنوں کے شک و عدم اعتماد کو ڈائریکٹر ہانی ابو اسد نے بہت اچھے انداز میں پیش کیا ہے۔ ہانی کی سنہ 2005 میں بننے والی فلم ’پیراڈائز ناوٴ‘ وہ پہلی فلسطینی فلم تھی جسے آسکر کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ یہ مغربی کنارے میں رہنے والے دو نوجوانوں کی کہانی تھی جنہیں خودکش حملے کے لئے تل ابیب بھیجا جاتا ہے۔

بہت سے فلمی ناقدین کی اس تنقید پر کہ ’عمر‘ میں اسرائیل کے بارے میں جانبداری سے کام لیا گیا ہے۔ ہانی ابو اسد نے ’جیوئش جنرل‘ سے گفتگو میں کہا ’میں کسی بھی ملک کا پروپیگنڈا فلم میکر نہیں۔ میں بنیادی طور پر کہانی کہنے یا سنانے والا ہوں۔ مجھے جانبدار اس حوالے سے کہا جاسکتا ہے کہ میں اپنے لوگوں اور تمام دوسرے لوگوں کو آزاد اور برابری کی بنیاد پردیکھنا چاہتا ہوں۔‘

آسکر ایوارڈز کی تقریب 2 مارچ کو منعقد ہوگی۔ ’عمر‘ یکم فروری کو مغربی لاس اینجلس کے لیملز رائل تھیٹر میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی جبکہ’بیت اللحم‘ 7 مارچ کو اسی تھیٹر میں لگے گی۔
XS
SM
MD
LG