رسائی کے لنکس

امریکہ: کالج میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک


فائل
فائل

پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی شام واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں 'سیاٹل پیسیفک یونی ورسٹی' کے کیمپس میں پیش آیا۔

امریکہ کی مغربی ریاست واشنگٹن کے ایک کالج میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی شام واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں 'سیاٹل پیسیفک یونی ورسٹی' کے کیمپس میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے کیمپس میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ شروع کردی تھی جس کے بعد ایک طالبِ علم نے اس پر حملہ کرکے اس کی بندوق چھین لی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

ابتدا میں پولیس نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زائد بھی ہوسکتی ہے تاہم بعد میں پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرنے کے بعد مزید تلاش ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

خیال رہے کہ پچھلے کئی برسوں سے امریکہ میں اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات تواتر سے پیش آرہے ہیں جس کے باعث امریکی معاشرے میں آتشیں اسلحے پر کنٹرول کی بحث شدت اختیار کرگئی ہے۔

لیکن کئی برسوں سے جاری اس بحث کا اب تک کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ کے آئین نے شہریوں کو ہتھیار رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے اور کئی حلقوں کی مخالفت کے باوجود اب بھی عوام کی بڑی تعداد اس حق سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔

سیاٹل میں پیش آنے والے واقعے سے ڈیڑھ ہفتہ قبل سانتا باربرا کے علاقے میں 'یونیورسٹی آف کیلی فورنیا' کے نزدیک بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

حملہ آور نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔ فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ایلیٹ راجر کے نام سے ہوئی تھی جو امریکی فلم انڈسٹری 'ہالی ووڈ' سے وابستہ ایک ہدایت کار کا بیٹا تھا۔
XS
SM
MD
LG