رسائی کے لنکس

کرکٹ کے عالمی کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب


تقریباً ایک ہزار سے زائد فنکاروں نے شائقین کے تفنن طبع کے لیے پیش کیے گئے پروگرام میں حصہ لیا۔ یہ تقریب دنیا بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کی جاتی رہی۔

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے یعنی ورلڈ کپ میں کھیلوں کا آغاز تو دو روز بعد ہوگا لیکن اس کا باقاعدہ افتتاح جمعرات کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک رنگا رنگ تقریب میں کیا گیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کی ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ یہ تنظیم کی اعلیٰ روایات کی امین ہے۔

اس موقع پر میزبان ملک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ثقافتی رقص و موسیقی کے علاوہ کرکٹ کھیلنے والے مختلف ملکوں کی ثقافت کی جھلک بھی پیش کی گئی اور تقریباً ایک ہزار سے زائد فنکاروں نے شائقین کے تفنن طبع کے لیے پیش کیے گئے پروگرام میں حصہ لیا۔ یہ تقریب دنیا بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کی جاتی رہی۔

ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے 14 ممالک کے تقریب کے دوران پرچم لہراتے ہوئے دکھائی دیے جب کہ پاکستان کا معروف نغمہ "ہے جذبہ جنوں تو ہمت نہ ہار" بھی اسٹیج پر پیش کیا گیا۔

ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 14 فروری کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔

ادھر کرکٹ کے اس عالمی کپ میں پاکستانیوں کی دلچسپی بھی دو چند ہو چلی ہے اور اکثر شائقین اس بنا پر خاصے پرامید ہیں کہ 23 سال قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ بھی پاکستان ہی نے جیتا تھا اور ہوسکتا ہے تاریخ اپنے آپ کو دہرائے۔

تاہم کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مبصرین اس سے برعکس رائے رکھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ٹیم میں موجود سینیئر کھلاڑیوں نے اگر ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی کے جوہر دکھائے تو پاکستانی ٹیم اس میگا ایونٹ میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG