رسائی کے لنکس

سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی میں 24طالبان ہلاک


سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی میں 24طالبان ہلاک
سکیورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی میں 24طالبان ہلاک

مقامی فوجی حکام نے بتایا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے جمعے کی صبح اورکزئی ایجنسی میں ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے اُس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن ایف سی کے اہلکاروں نے اِس کوشش کو ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی میں 15 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

ایف سی کے ایک ترجمان کے مطابق چار جنگجوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا اور لڑائی میں تین فوجی زخمی ہو گئے۔

ادھر اورکزئی ایجنسی سے ملحقہ کرم ایجنسی میں بھی طالبان جنگجوؤں نے ڈوگر کے مقام پر ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے حکام کے بقول ناکام بنادیا گیا۔ اس لڑائی میں نو ’’دہشت گرد‘‘ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔

اورکزئی ایجنسی میں پاکستانی فوج نے مارچ میں طالبان شدت پسندوں کے خلاف ایک بڑے آپریشن کا آغاز کیا تھا اور اب تک ہونے والی لڑائی میں حکام نے لگ بھگ 300 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ کم از کم چھ فوجی بھی ان جھڑپوں میں مار ے جا چکے ہیں ۔ آزاد ذرائع سے ان اعداد وشمار کی تصدیق ممکن نہیں کیونکہ جن علاقوں میں لڑائی جاری ہے وہاں میڈیااور امدادی تنظیموں کے نمائندوں کو رسائی حاصل نہیں۔

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں اورکزئی ایجنسی واحد علاقہ ہے جس کی سرحد افغانستان سے نہیں ملتی۔ فوجی حکام کا ماننا ہے کہ اورکزئی میں طالبان شدت پسندوں کے اڈوں سے براہ راست پشاور اور اس کے مضافاتی علاقوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے لیکن حالیہ آپریشن کے نتیجے میں اس قبائلی علاقے میں عسکریت پسندوں کو تقریباََ صفایا کردیا گیا ہے یا پھر انھیں ایجنسی چھوڑنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG