رسائی کے لنکس

امریکہ کی تاریخ کے ایک بدترین فائرنگ کے اس واقعے پر امریکہ اور عالمی رہنماؤں کی جانب سےسماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدید مذمتی بیانات آرہے ہیں۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی عالمی رہنماؤں اور سیاسیت دانوں نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے، امریکی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

امریکہ کی تاریخ کے ایک بدترین فائرنگ کے اس واقعے پر امریکہ اور عالمی رہنماؤں کی جانب سے سماجی رابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدید مذمتی بیانات آ رہے ہیں۔

اتوار کی صبح اورلینڈو کے ایک نائٹ کلب میں ایک مسلح شخص کے حملے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور کم ازکم 53 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

مسلح حملہ آور عمر متین کو بعد میں حکام کی طرف سے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

امریکی صدر باراک اوباما نے ٹیلی ویژن نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی عوام غمزدہ ہیں۔ انھوں نے اسے درجنوں معصوم لوگوں کا سفاکانہ قتل عام قرار دیا ہے۔

ڈیمو کریٹک پارٹی سے ممکنہ نامزد صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن نے ٹوئٹر پر اورلینڈو حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک تباہ کن خبر کہا۔ انھوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ ''فلوریڈا سے آنے والی المناک خبر کی اطلاعات کے ساتھ صبح جاگی ،ہمیں مزید تفصیلات کا انتظار ہے، میں ہولناک واقعے سے متاثر ہونے والوں کے غم میں برابر کی شریک ہوں۔''

ریپبلکن جماعت کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر یہ ابتدائی پیغام درج کیا کہ ''فلوریڈا میں ہولناک واقعہ، میری دعائیں تمام متاثرین اور ان کے گھر والوں کے ساتھ ہیں، یہ سب کب بند ہو گا ؟ ہم کب اسمارٹ، مضبوط اور چوکس ہو سکیں گے۔''

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی طرف سے اورلینڈو حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ٹوئٹر پیغام کے مطابق ''بان کی مون اس حملے کی مذمت کرتے ہیں ،متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں اور امریکی عوام اور حکومت کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں''۔

امریکہ سے باہر برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے معصوم شہریوں کے قتل کے واقعے کی پرزور مذمت کی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر کے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ ''میں اورلینڈو میں رات بھر فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات سن کر خوفزدہ ہوں ،میرے جذبات اس ہولناک حملے کے تمام متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔''

لندن کے پہلے مسلمان میئر صادق خان نے اپنے سوشل میڈیا کے پیغام میں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ''میں نفرت اور تعصب کے خلاف اورلینڈو شہر کے ساتھ کھڑا ہوں،میں ہلاکت خیز حملے کے تمام متاثرین کے ساتھ غمزدہ ہوں ''۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اسے اندرونی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے سوشل میڈیا کے ایک بیان میں کہا کہ ''ہم امریکہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور آج کےحملے کے متاثرین ہم جنس برادری کے ساتھ یک جہتی کے لیے کھڑے ہیں۔''

پوپ فرانسس نے معصوم لوگوں کے قتل عام کے اس واقعہ کو احمقانہ نفرت قرار دیا ہے ۔ ویٹیکن ترجمان ریو فریڈریکو لومبر دی نے کہا پوپ فرانسس نے اس حملے سے متاثر ہونے والوں کے لیے دکھ اور ہمدردی کا اظہارکیا ہے ۔

فلوریڈا میں کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشن کیئر فلوریڈا کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اورلینڈو حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مقامی مسلمان کمیونٹی سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

کیئر فلوریڈا کے ریجنل کو آرڈینیٹر راشہ مبارک نے کہا کہ ہم اس بدترین قتل عام کی مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے میں ہلاک اور زخمیوں ہونے والوں کے خاندانوں اور ان کے چاہنے والوں کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے تعزیت کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG