رسائی کے لنکس

اسامہ بن لادن کا داماد گرفتار


سلیمان ابو غیث
سلیمان ابو غیث

حال ہی میں اردن سے سلیمان ابو غیث کو حراست میں لیے جانے پر، کانگریس میں پیٹر کنگ نے جمعرات کے روز سی آئی اے اور ایف بی آئی کے ایجنٹوں کو سراہا

امریکی کانگریس کے ایک سینئر رُکن کا کہنا ہے کہ اسامہ بن لادن کے داماد کو، جو القاعدہ کا ایک سابق ترجمان رہ چکا ہے، گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نیو یارک سے ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے کانگریس مین، پیٹر کنگ نے جمعرات کے روز سی آئی اے اور ایف بی آئی کے ایجنٹوں کو سراہا جنھوں نے حال ہی میں اردن سے سلیمان ابو غیث کو حراست میں لیا۔

ترکی کے ایک اخبار نےاپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ابو غیث کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں واقع تعیش سے آراستہ ایک ہوٹل سے پکڑا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اُنھیں اردن ملک بدر کیا گیا، جہاں خفیہ امریکی ایجنٹوں نے اُنھیں حراست میں لیا۔

ترکی کے حکام نے اِس اخباری رپورٹ پر تبصرے سے انکار کیا ہے۔

سنہ 2001میں امریکہ پر کیے جانے والے دہشت گرد حملوں کے بعد القاعدہ کے پروپیگنڈہ وڈیوز میں ابو غیث کا نام سامنے آنے لگا تھا۔ متوقع طور پر اُن کے خلاف نیو یارک کی ایک وفاقی امریکی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

اسامہ بن لادن 2001ء کے حملوں کے سرغنہ تھے، جنھیں تقریباً دو برس قبل پاکستان کے ایک شہر کے احاطے پر امریکی چھاپے کے دوران ہلاک کیا گیا ۔

پیٹر کنگ امریکی ایوانِ نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے ایک رُکن ہیں، اور ہوم لینڈ سکیورٹی پر قائمہ کمیٹی کے سابق سربراہ رہ چکے ہیں۔

ابو غیث کی گرفتاری پر، پیٹر کنگ نے امریکی انٹیلی جنس ایجنٹوں کے علاوہ امریکی صدر براک اوباما کی بھی تعریف کی۔
XS
SM
MD
LG