رسائی کے لنکس

نائب افغان وزیر خارجہ کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات


افغان نائب وزیر خارجہ جاوید لڈن نے اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
افغان نائب وزیر خارجہ جاوید لڈن نے اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

افغانستان کے نائب وزیر خارجہ جاوید لویدن نے پیر کو پاکستان کی وزیر مملکت برائے اُمور خارجہ حنا ربانی کھر سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات بالخصوص پاک افغان تجارتی راہداری کے معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیا ل کیا گیا۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق جاوید لویدن نے پاک افغان ٹرانز ٹ ٹریڈ معاہدے کودونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی رابطوں کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا ہے۔ گذشتہ ماہ کابل میں پاکستان، افغانستان اور امریکہ کے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر تجاری راہداری کے اس معاہدے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے بعد اس پر 12 جون سے عمل درآمد پر اتفاق رائے کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق حنا ربانی کھر نے پاک افغان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ وزیر مملکت برائے اُمور خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور سلسلے میں اُنھوں جاوید لویدن کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ اقتصادی رابطے اس عمل میں تیزی کا سبب بنیں گے۔

جاوید لویدن دوروزہ دورے پر اسلام آباد میں ہیں اور بیان کے مطابق اُنھوں نے حناربانی سے ملاقات میں افغان صدر حامد کرزئی کے دورہ اسلام آباد کے حوالے سے بھی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا تاہم بیان میں اس دورے کی تاریخ کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔ پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق صدر کرزئی 10جون کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

XS
SM
MD
LG