رسائی کے لنکس

’تجارتی راہ داری کے معاہدے پراختلافات جلد دور ہو جائیں گے‘


’تجارتی راہ داری کے معاہدے پراختلافات جلد دور ہو جائیں گے‘
’تجارتی راہ داری کے معاہدے پراختلافات جلد دور ہو جائیں گے‘

وفاقی وزیر تجارت امین فہیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر پائے جانے والے اختلافات کو جون تک دور کر دیا جائے گا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں دوطرفہ معاہدے کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امین فہیم نے کہا کہ ’’افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا جو ایگریمنٹ (معاہدہ) ہوا ہے، اُس میں کافی پیش رفت بھی ہوئی ہے۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر تجارتی راہ داری کے اس معاہدے پرعمل درآمد کو موخر کرنا پڑا۔

امین فہیم نے بتایا کہ تجارتی راہ داری کے لیے بینک گارنٹی (مالیاتی ضمانت) اور افغانستان سے آنے والے ٹرکوں کی نگرانی کا نظام وضع کرنے کے معاملات حل نہیں ہو سکے تھے۔

پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر عمل درآمد رواں سال کے اوائل میں شروع ہونا تھا لیکن اس کے باقاعدہ آغاز سے ایک روز قبل اختلافات کی وجہ سے اسے موخر کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہفتہ کو دورہ کابل کے موقع پر دیگر معاملات پرتبادلہ خیال کے علاوہ دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے تجارتی راہ داری کے معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں بھی بات چیت کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG