رسائی کے لنکس

پاکستانی کتابوں کی بھارت میں مقبولیت اورپذیرائی


حیدرآباد میں پاکستانی پبلشرز کی کتابوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں مذہب اور ادب سے متعلق کتابوں کی کافی مانگ دیکھی گئی۔

مذہب،ادب اورانفارمیشن ٹکنالوجی اور دوسرے شعبوں میں اگرچہ بھارت میں کافی کتابیں موجود ہیں اور دن بدن اس میں اضافہ ہورہا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں شائع شدہ کتابوں کی مانگ اور ان کی قدر آج بھی مسلمہ ہے۔ اردو زبان میں مختلف شعبوں میں پاکستان میں شائع ہونے والی کتابوں کی مقبولیت کی ایک اہم وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ اردو ادب کامعیار پاکستان میں کافی بلند ہے۔ پاکستانی کتب کی مانگ کااندازہ حیدرآباد میں منعقدہ کتابوں کی نمائش میں ہوا۔ اس نمائش میں اگرچہ بھارت کی علاوہ بعض دوسرے ملکوں کے ناشرین کی کتابیں رکھی گئی تھیں لیکن پاکستانی کتب کو عوام نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔

حیدرآباد کے ھدیٰ بک پبلشرز اورڈسٹری بیوٹر کی جانب سے کتابوں کی تین روزہ نمایش اور فروخت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں دلی میں منعقدہ عالمی کتاب میلےمیں شریک مختلف ملکوں کے ناشرین کی کتابوں کو حیدرآباد میں رکھا گیا تھا۔ پاکستان کے معروف پبلشرز اقبال اکیڈمی،سنگ میل پبلشر، اور فکشن ہاؤس کےعلاوہ سعودی عرب اور ملیشیا کے ناشرین کی کتب اس نمائش میں رکھی گئی تھیں۔

پاکستان میں شایع شدہ قرآن مجید کے دیدہ زیب اور نایاب نسخوں کو کافی پسند کیا گیا۔ ممتازپاکستانی علما اورمفسرین کی تفاسیر، سیرت النبی، سیرت صحابہ، احادیث، تاریخ اسلام، فقہ، تصوف، اسلامی اقتصادیات، معاشرتی مسائل، خواتین اوراس کے ساتھ ساتھ بچوں کی تربیت سے متعلق کتابوں کو اولین ترجیح کے طور پر خریدا گیا۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ کمپیوٹر، نفسیات، مینجمنٹ جیسے موضوعات پر لکھی گئی پاکستانی کتابوں کو بھی کافی تعداد میں خریدا گیا۔ پاکستانی شعراء کے کلام اور افسانہ نگاروں کی تصنیفات اور نا ولوں سے بھی کافی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ پاکستانی قلم کاروں مقبول جہانگیر، مسعود مفتی، طارق محمود، زیباجون پوری، عنایت اللہ، خلیل جبران اور خرم مراد کی تصانیف نے بھی کافی کاروبار کیا۔


نمائش کے منتظم عبدالباسط شکیل نے وی او اے ویب سائیٹ کو بتایا کہ حیدرآباد میں یوں تو گنی چنی پاکستانی کتابیں دستیاب ہیں لیکن پہلی مرتبہ اس قدر کتابوں کو ایک ساتھ عوام کے لئے پیش کیا گیا جس میں ہر شعبہ کا احاطہ کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق عوام نے مزید کئی کتابوں کی مانگ کرتے ہوے آڈرز بک کرائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی مذہبی تصانیف کو بھارت میں کافی پسند کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ شاعری اور نثری کتابوں کے بھی شوقین موجود ہیں۔ شکیل نے بتایا کہ اس نمائش کی کامیابی سے متاثر ہوکر بہت جلد بڑے پیمانے پر پاکستانی کتب کی نمائش کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلہ میں وہ پاکستان کے تمام بڑے ناشرین سے رابطہ کریں گے۔

XS
SM
MD
LG