رسائی کے لنکس

چین کے 61 رکنی وفد کا دورہ گوادر


سرکاری میڈیا کے مطابق چینی وفد کے سربراہ ژانگ چوانگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں۔

چین کے مغربی علاقے سنکیانگ سے ایک 61 رکنی وفد نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ’’فری پورٹ زون‘‘ کا پیر کو افتتاح کیا ہے۔

چینی وفد کی قیادت کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل ژانگ چوانگ کر رہے تھے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق چینی وفد کے سربراہ ژانگ چوانگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق پیر کو جب چینی وفد گوادر پہنچا تو بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے مہمان وفد کا استقبال کیا۔

گورنر محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گوادر میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں اور چین یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ چین گوادر میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر بھی کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ چین کے مغربی علاقے سنکیانگ کو پاکستان کے ساحلی شہر گوادر سے ملانے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان پاک چین اقتصادی راہداری کے ایک وسیع البنیاد منصوبے پر اتفاق ہو چکا ہے۔

اس منصوبے کے تحت پاکستان میں اس اقتصادی راہداری کے کچھ حصوں پر کام جاری ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اس راہداری سے سڑکوں، ریلوے لائنوں اور آپٹک فائبر کے جال بچھائے جانے کے علاوہ صنعتی زون بھی بنائے جائیں گے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری کا یہ منصوبہ ملک کی قسمت بدلنے کا سبب بنے گا۔

XS
SM
MD
LG