رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف ون ڈے ٹیم کا اعلان، آفریدی کی واپسی


سری لنکا کے خلاف ون ڈے ٹیم کا اعلان، آفریدی کی واپسی
سری لنکا کے خلاف ون ڈے ٹیم کا اعلان، آفریدی کی واپسی

آفریدی نے رواں برس مئی میں پی سی بی کے اس وقت کے چیئرمین اعجاز بٹ اور دیگر عہدیداران کے رویے کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ سے مشروط ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ موجودہ منیجمنٹ کی موجودگی میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے تاہم ان کی ٹیم میں واپسی ایک عام کھلاڑی کی حیثیت سے ہوئی ہے۔

سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز اور ایک ٹی20 میچ کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قائم مقام چیف سلیکٹر محمد الیاس نے بدھ کی شام لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک نیوز کانفرنس میں کیا ۔

مصباح الحق کو کپتان کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا ہے اور قومی ٹیم سے اپنی مشروط ریٹائرمنٹ واپس لینے کے بعد آفریدی ایک عام کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں دوبارہ شامل کرلیے گئے ہیں۔

اس سے قبل بدھ کی صبح شاہد آفریدی نے پی سی بی کے نئے چیئرمین ذکاء اشرف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی جس میں بعض اطلاعات کے مطابق چیف سلیکٹر محمد الیاس بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں سابق کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی جلد واپسی کی امید ظاہر کی تھی۔ آفریدی نے کپتانی سنبھالنے میں اپنی عدم دلچسپی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت ان کی خواہش صرف پاکستان کی طرف سے کھیلنا ہے اور انہیں مصباح کی کپتانی میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان قربانی کا بکرا ہوتا ہے اور ان کے بقول وہ ایک بار قربانی کا بکرا بن چکے ہیں۔

واضح رہے کہ آفریدی نے رواں برس مئی میں پی سی بی کے اس وقت کے چیئرمین اعجاز بٹ اور دیگر عہدیداران کے رویے کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ سے مشروط ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ موجودہ منیجمنٹ کی موجودگی میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنیں گے۔

گزشتہ ماہ اعجاز بٹ کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے اور ان کی جگہ ذکاء اشرف کی تعیناتی کے بعد سابق کپتان نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہوئے قومی ٹیم کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کردیا تھا جبکہ نئے چیئرمین نے بھی آفریدی کی ٹیم میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 11 نومبر سے ہوگا۔ پاکستان مذکورہ سیریز کا میزبان ہے لیکن سیکیورٹی خدشات کے باعث سیریز کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دورے کاواحد ٹی20 میچ 25 نومبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

بدھ کو اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ میں مصباح الحق (کپتان)، شاہد آفریدی، محمد حفیظ، عمران فرحت، یونس خان، عمر اکمل، شعیب ملک، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعید اجمل، عبدالرحمن، عمر گل، اعزاز چیمہ، جنید خان، سہیل تنویر، عبدالرزاق اور اسد شفیق شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG