رسائی کے لنکس

وزیرستان: امریکی میزائل حملے میں 5 عسکریت پسندہلاک


وزیرستان: امریکی میزائل حملے میں 5 عسکریت پسندہلاک
وزیرستان: امریکی میزائل حملے میں 5 عسکریت پسندہلاک

شمالی وزیرستان میں اِتوار کی صُبح ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں کم ازکم پانچ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔

مقامی انٹیلی جنس حکام نے ذرائع اِبلاغ کو بتایا کہ بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارے ” ڈرون“ سے داغے گئے دو میزائلوں کا ہدف دتہ خیل کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے زیر استعمال ایک گھر تھا جواس حملے میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

قبائلی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں کے ساتھی ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر کے تدفین اور طبی امداد کے لیے نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔ بعض اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں کم ازکم دو غیر ملکی عسکریت پسند بھی شامل ہیں۔

گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کے اِسی علاقے میں چوبیس گھنٹوں میں چار ”ڈرون “حملے کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 24 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔ تاہم اِن واقعات میں مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔


امریکہ کا ماننا ہے کہ شمالی وزیرستان کا علاقہ بین الاقوامی دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے القاعدہ کا نیا ہیڈکوارٹر بن چکا ہے اور یہاں موجودافغان طالبان کا حقانی نیٹ ورک سرحد پار افغانستان میں نیٹو افواج پر ہلاکت خیز حملوں میں ملوث ہے۔

پچھلے دو مہینوں کے دوران اِس پاکستانی علاقے میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پرمبینہ امریکی ”ڈرون “ حملوں میں غیر معمولی تیزی آئی ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق افغان سرحد کے قریب پاکستان کے قبائلی علاقوں میں 2008 ء سے لے کر اب تک ایک سو سے زائد مبینہ ’’ڈرون‘‘ حملوں میں القاعدہ اور طالبان کے اہم کمانڈروں سمیت ایک ہزار چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG