رسائی کے لنکس

پیرس حملوں کے ذمہ دار اسلام کے دشمن ہیں: نواز شریف


فرانسیسی سفیر سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور اُنھیں پاکستان، فرانس اور دنیا سے ہر صورت ختم کرنا ہو گا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پیرس حملوں کے ذمہ دار اسلام کے دشمن ہیں۔

اسلام آباد میں فرانس کی سفیر مارٹین ڈورنس نے جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور اُنھیں پاکستان، فرانس اور دنیا سے ہر صورت ختم کرنا ہو گا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’’ہم فرانسیسی قوم کے درد کو سمجھ سکتے ہیں‘‘۔

سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ طویل مشاورت اور بحث و مباحثے کے بعد تمام اداروں بشمول پارلیمنٹ کی حمایت سے پاکستان نے دہشت گردوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس وقت دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ’ضرب عضب‘ اور انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل کی حامی ہے۔

بیان کے مطابق سفیر مارٹین ڈورنس نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی حمایت اور اظہار ہمدردی پر فرانس کے لوگ شکر گزار ہیں۔

فرانسیسی سفیر نے کہا ہے کہ پیرس حملوں کے بعد عام پاکستانیوں بشمول پشاور کے آرمی پبلک اسکول کے بچوں کی طرف سے تعزیت کے پیغامات اُن کے لیے بہت اہم ہیں۔

دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پشاور کے آرمی پبلک اسکول کے بچوں اور اُن کے والدین نے پیرس کے حملوں کے بعد اپنے پیغام میں کہا تھا کہ فرانس میں حملوں سے اُن کے زخم تازہ ہو گئے اور دیگر لوگوں کے مقابلے میں فرانس کے متاثرہ خاندانوں کے درد کو وہ بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے پیرس میں دہشت گردوں کے ایک گروہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں منظم حملے کیے تھے جن میں کم از کم 129 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستانی حکومت کے علاوہ مختلف سماجی حلقوں بشمول علمائے دین کی طرف سے پیرس میں حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG