رسائی کے لنکس

”دہشت گردی کا ایک اور واقعہ خطے میں جنگ کا باعث بن سکتا ہے“


”دہشت گردی کا ایک اور واقعہ خطے میں جنگ کا باعث بن سکتا ہے“
”دہشت گردی کا ایک اور واقعہ خطے میں جنگ کا باعث بن سکتا ہے“

امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ ممبئی طرز کے ایک اور حملے کی صورت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات مزید خراب ہوں گے جس کا فائدہ اٹھا کر دہشت گردعناصرخطے میں ایک اور جنگ کے حالات پیدا کرسکتے ہیں۔بھارت کے دورے کے موقع پر نئی دہلی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ” یہ کہنا نامناسب نہیں ہوگاکہ دہشت گردانہ واقعہ دوبارہ رونما ہونے کی صورت میں بھارت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے۔“

امریکی وزیردفاع کے اس بیان سے سفارتی حلقوں میں ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ دوبارہ ایسی کارروائی سے بھارت پاکستان کے خلاف مزاحمت کرسکتا ہے جس سے خطے میں خصوصاً پاکستان اور افغانستان میں امن کی امریکی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مختلف گروہوں نے افغانستان ، پاکستان اور بھارت کو خطرے میں ڈال رکھا ہے ۔ ان کے بقول القاعدہ کے زیر سایہ یہ تمام گروہ نہ صرف افغانستان اور پاکستان میں بد امنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فساد کو ہوا دے کر اس پورے خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی وزیردفاع ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں 160سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے اور بھارت ان حملوں کا الزام پاکستان پر عائد کرتا آیا ہے۔ پاکستان ان الزامات کی تردید کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں میں ملوث افراد کے خلاف شواہد اور دستاویزات ناکافی ہونے کی وجہ سے وہ کارروائی نہیں کرسکتا۔

XS
SM
MD
LG