رسائی کے لنکس

”پاکستان اور بھارت کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے“

  • ب

”پاکستان اور بھارت کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے“

”پاکستان اور بھارت کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے“

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے حل اور بہتر تعلقات کے قیام کے لیے جامع مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔

جمعرات کے روز اسلا م آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ”دو مہذب معاشروں کے درمیان پیش رفت بات چیت ہی کے ذریعے ممکن ہو تی ہے“۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس موقع پر یہ تاثر اخذ کرنا قبل از وقت ہو گا کہ بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے سطح پر آئندہ بات چیت میں مسئلہ کشمیر کو شامل نہیں کرنا چاہتا۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے دفاتر خارجہ کے درمیان رابطے اور باہمی طور پر ایجنڈا لیے جانے کے بعد ہی حتمی طور پر یہ فیصلہ ہو گا کہ کن معاملات یا تنازعات پر بات چیت ہوناہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے حال ہی میں پاکستان کو خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر بات چیت کی تجویز پیش کی ہے جس کے منعقد ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان امن کا وہ عمل بحال ہو پائے گا جو ممبئی حملوں کے بعد سے معطل ہے۔

اس بات چیت کے لیے حتمی تاریخوں کا اعلان بھی سامنے نہیں آیا۔اس ہفتے کی 20 تاریخ کو سارک ملکوں کے وزراء داخلہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کے وزیر داخلہ چدم برم کی بھی اسلام آبادآمد متوقع ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کا دورہ اس لحاظ سے نہایت اہم ہے کہ یہ ممبئی حملوں کے بعد سے کسی بھی بھارتی وزیر کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا اور اس توقع کا اظہار کیا جارہا ہے کہ یہ روائتی حریف ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔

XS
SM
MD
LG