رسائی کے لنکس

پاکستان اور بھارت کا ایک دوسرے پر فائربندی کی خلاف ورزی کا الزام


لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجی (فائل فوٹو)

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجی (فائل فوٹو)

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کشمیر میں پاکستان کی جانب بھارتی فوجیوں نے سواں پترا چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے جواب میں پاکستانی فوجیوں نے کارروائی کی۔

پاکستانی فوج نے الزام لگایا ہے کہ اس کے زیر انتظام کشمیر میں اتوار کی صبح بھارتی فوج نے حملہ کیا جس میں ایک پاکستانی اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کشمیر میں پاکستان کی جانب بھارتی فوجیوں نے باغ سیکٹر میں سواں پترا چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے جواب میں پاکستانی فوجیوں نے کارروائی کی۔

بھارتی فوجی اسلحہ چھوڑ کر پسپا ہو گئے لیکن دونوں فوجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس حملے میں دو پاکستانی فوجی شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار نائیک اسلم بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے پاکستانی الزام کو مسترد کیا ہے۔ ترجمان کرنل جگدیش دیحیا نے کہا ہے کہ ’’ پاکستان کی طرف سے فائر بندی کی خلاف ورزی پر ہمارے فوجیوں نے جوابی کارروائی کی۔‘‘

کرنل دیحیا کے مطابق ان کا کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

کشمیر دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی کی ایک بڑی وجہ رہا ہے اور دونوں ملک اس پر حق ملکیت کے دعویدار ہیں۔

ماضی میں بھی کشمیر کو دونوں ملکوں کے درمیان تقسیم کرنے والی حد بندی ’لائن آف کنٹرول‘ پر ایک دوسرے کی فوجوں پر فائرنگ کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG