رسائی کے لنکس

”بھارت کے ساتھ خارجہ سیکرٹریوں کی مجوزہ بات چیت نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں“


”بھارت کے ساتھ خارجہ سیکرٹریوں کی مجوزہ بات چیت نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں“
”بھارت کے ساتھ خارجہ سیکرٹریوں کی مجوزہ بات چیت نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں“

اسلام آباد نئی دلی کے ساتھ ان تمام مسائل کے حل کی طرف بڑھنا چاہتا ہے جو اب تک دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی کا باعث بنتے رہے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ امن کا عمل بحال کر کے تمام تنازعات پر بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن ، ترقی اور استحکام کو فروغ حاصل ہو۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان نے ابھی باضابطہ طور پر بھارت کو خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مذاکرات کی تجویزکا جواب نہیں دیا ۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد نئی دلی کے ساتھ ان تمام مسائل کے حل کی طرف بڑھنا چاہتا ہے جو اب تک دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی کا باعث بنتے رہے ہیں۔

اس سوال پر کہ خارجہ سیکرٹریوں کی مجوزہ بات چیت میں مسئلہ کشمیر کے حل اور صوبہ بلوچستان میں بھارت کی مبینہ مداخلت پر بات چیت ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر اس معاملے کو بھارت کے ساتھ اٹھائے گا جو اس کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دو طرفہ مذاکرات کے لیے اگر طرفین پہلے ہی اپنی اپنی شرائط رکھ دیں تو بات چیت نہیں ہو سکتی۔

عبدالباسط نے وزیر اعظم گیلانی کے اس بیان کی مزید وضاحت کرنے سے گریز کیا کہ بھارت نے پاکستان کو مذاکرات کی تجویز بیرونی دباؤ کے تحت پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی عوامل کے عمل دخل سے قطع نظر پاکستان کو یہ بات مد نظر رکھنی ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں اس کا کیا مفاد ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس موقع پر یہ پیش گوئی نہیں کر سکتے کہ بھارت کے ساتھ خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر آئندہ بات چیت کا نتیجہ کیا برآمد ہو گا۔

XS
SM
MD
LG