رسائی کے لنکس

پاکستان اور ایران کا گندم کی قیمت پر اتفاق


پاکستان اور ایران کے درمیان تبادلہ مال کے تحت برآمدی گندم کی قیمت پر بالآخر اتفاق ہو گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے ایک اعلیٰ پاکستانی عہدے دار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اس پیش رفت کے بعد پاکستان ایران کو 10 لاکھ ٹن گندم برآمد کرے گا۔

رواں سال مارچ میں دوطرفہ مذاکرات میں یہ تجویز سامنے آئی تھی کہ ایران گندم کے بدلے کھاد اور خام لوہا پاکستان کو برآمد کرے گا۔ تاہم قیمت اور کوالٹی کے تعین میں مشکلات کے باعث یہ تجویز کئی ماہ تک تعطل کا شکار رہی۔

پاکستانی عہدے دار نے نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ ایران کو 300 ڈالر فی ٹن کے حساب سے گندم برآمد کی جائے گی۔

’’تاہم کھیپ روانہ کرنے سے پہلے ایرانی حکام پاکستان آ کر اس کے میعار کا جائزہ لیں گے۔‘‘
اُنھوں نے کہا کہ بدلے میں پاکستان کو دی جانے والی کھاد اور خام لوہے کی قیمت پر ابھی بات چیت ہونا باقی ہے۔’’اس معاہدے پر اگست کے اواخر تک مزید پیش رفت کی اُمید نہیں۔‘‘

متنازع جوہری پروگرام کی وجہ سے عائد مغربی ملکوں کی پابندیوں کے باعث ایران تبادلہ مال کے تحت پاکستان اور بھارت سے لاکھوں ٹن گندم حاصل کرنے کی کوششوں میں ہے، جن میں اسے مشکلات کا سامنا ہے۔
XS
SM
MD
LG