رسائی کے لنکس

امریکی کانگریس کے وفد کی پاکستانی پارلیمنٹیرین سے ملاقاتیں


امریکی کانگریس کے وفد کی پاکستانی پارلیمنٹیرین سے ملاقاتیں
امریکی کانگریس کے وفد کی پاکستانی پارلیمنٹیرین سے ملاقاتیں

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وفد کی قیادت حکمران ڈیموکریٹک پارٹی ڈیوڈ پرائس کررہے ہیں جوامریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے ڈیموکریسی پارٹنرشپ کے چیئر مین بھی ہیں۔

وفد کے ارکان نے منگل کو پاکستانی پارلیمان میں مصروف دن گزارا جس میں انھوں نے اپوزیشن اور حزب اقتدار سے تعلق رکھنے والے سینئر اراکین سے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی کانگریس کے وفد سے ملاقات کرنے والوں میں سینٹ میں قائد ایوان نیر بخاری اور قائد حزب اختلاف وسیم سجاد بھی شامل تھے۔ ان دونوں پاکستانی سینیٹروں کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کے ساتھ گفتگو میں انھوں نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا، کیونکہ معاشی استحکام امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

امریکی وفد سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کے سینیٹر نیر بخاری نے وائس آف امریکہ کو بتایااس طرح کی ملاقاتوں سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے مواقع میسر آتے ہیں اور ان کے بقول منگل کو ہونے والی ملاقات بھی اس حوالے سے حوصلہ افزا رہی۔

پاکستانی پارلیمان کے اراکین نے امریکی وفد کے ساتھ بات چیت میں ایک بار پھر یہ مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ آمد پر پاکستانی شہریوں اور پارلیمان کے اراکین کی خصوصی سکریننگ کا نظام ایک امتیازی سلوک ہے جسے ختم ہونا چاہیے ورنہ دوسری صورت میں بدگمانیوں کو دور کرنے میں مشکلات پیش آئیں گی۔

امریکی وفد نے قومی اسمبلی کی سپیکر فہمیدہ مرزا سے بھی ملاقات کی جس کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپیکر اسمبلی نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان خاص طور پر اقتصادی روابط اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے منتخب نمائندوں کے درمیان اس طرح کے رابطوں کو بڑھانے سے دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

اس موقع پر امریکی وفد کے سربراہ ڈیوڈ پرائس نے کہا کہ امریکہ اقتصادی،سماجی اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے اور امریکی کانگریس پاکستانی پارلیمان کی استداد کار کو بڑھانے کے لیے اقتصادی اور تکنیکی نوعیت کی مدد فراہم کری گی۔

XS
SM
MD
LG