رسائی کے لنکس

لڑائی سے متاثرہ پاکستانیوں کے لیے اضافی امداد کا امریکی وعدہ


رچرڈ ہالبروک (فائل فوٹو)
رچرڈ ہالبروک (فائل فوٹو)

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں صوبہ خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں میں لڑائی سے متاثرہ لوگوں کے لیے ایک کروڑ دس لاکھ ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی اس مجوزہ امداد میں سے 40لاکھ ڈالر عالمی ادارہ صحت کو زندگی بچانے والی طبی خدمات کی فراہمی کے لیے دیے جائیں گے جن میں زچہ وبچہ اور دیگر بچوں کی دیکھ بھال، تولیدی صحت،خاندانی منصوبہ بندی،نفسیاتی اعانت،معذور افراد کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں ضروری ادویات اور دیگر اشیا کی فراہمی شامل ہے۔

امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق41لاکھ ڈالر کی امداد اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کو کیمپوں کو مربوط بنانے ، ان کا انتظام وانصرام کرنے اور اُن14لاکھ پاکستانیوں کو ہنگامی بنیادوں پر سرچھپانے کے ٹھکانے،اشیائے خورونوش اور تحفظ فراہم کرنے کی سرگرمیوں کے لیے دیے جائیں گے جو ابھی تک بے گھر ہیں اور میزبان گھرانوں کو جنہوں نے لڑائی کے دوران بے گھر ہونے والے 90فیصد پاکستانی خاندانوں کو پناہ دی اور لگ بھگ 20لاکھ لوگوں کو بھی امداد دی جائے گی جو اپنے گھروں کو واپس چلے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق ایک کروڑ دس لاکھ ڈالر کی امداد میں سے عالمی ادارہ صحت اور یواین ایچ سی آر کے لیے مجوزہ 81لاکھ ڈالر کی امداد پاکستان ہیومنیٹیرین ریسپانس پلان برائے 2010ء کی مدمیں فراہم کی جائے گی جس سے امریکہ کی جانب سے اس میں ضمن میں فراہم کی جانے والی امداد کی کل مالیت سات کروڑ 11لاکھ ڈالر ہوجائے گی۔

لڑائی سے متاثرہ پاکستانیوں کے لیے اضافی امداد کا امریکی وعدہ
لڑائی سے متاثرہ پاکستانیوں کے لیے اضافی امداد کا امریکی وعدہ

بقیہ 30لاکھ ڈالر نیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کو دیے جائیں گے جس سے بے گھر خاندانوں اور میزبان آبادیوں کو خوراک اور ضروری گھریلو اشیاء کی فراہمی ،طبی امداد اور جسمانی طور پر بحال کرنے کی خدمات مہیا کرنے اور لڑائی کے دوران بچھڑ جانے والوں کو ان کے خاندانوں سے ملانے بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے قوانین کے فروغ اور پاکستان کی ہلال احمر سوسائٹی کو امداد مہیا کی جائے گی۔

امریکہ 2010ء کے مالی سال کے دوران اب تک پاکستان کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر 17کروڑ 39لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG