رسائی کے لنکس

پاک امریکہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کا عزم


امریکہ کے سیکرٹری برائے بحریہ رے میئبس نے پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و اُمور خارجہ سرتاج عزیز سے پیر کو اسلام آباد میں ملاقات کی

پاکستان اور امریکہ نے باہمی تعلقات میں حالیہ پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

امریکہ کے سیکرٹری برائے بحریہ رے میئبس نے پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و اُمور خارجہ سرتاج عزیز سے پیر کو اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتِ حال بھی بات چیت کی گئی۔

وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق علاقائی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے دوران افغانستان میں امن و مصالحت کے لیے جاری بین الاقوامی کوششیں بھی زیر بحث آئیں۔

’’(امریکی) سیکرٹری برائے بحریہ نے علاقائی امن و استحکام کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔‘‘

بیان میں کہا گیا کہ دونوں عہدیداروں نے پاک امریکہ تعلقات میں حالیہ بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ’’باہمی احترام و مفاد‘‘ کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کو بھی دہرایا۔

پاک امریکہ دفاعی تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے مسٹر میئبس اور سرتاج عزیز نے اُن اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جن کی مدد سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔

سن 2011ء میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے خلاف امریکہ کی یک طرفہ کارروائی اور پاکستان کی سرحدی چوکی پر ہلاکت خیز فضائی حملے کے بعد اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات کشیدگی کا شکار رہے۔

تاہم امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری کے رواں سال اگست میں دورہِ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعطل کا شکار اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کو بحال کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس مذاکراتی عمل کی بحالی کے بعد ورکنگ گروپس کی سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ سال کے اوائل میں وزرائے خارجہ کے درمیان مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
XS
SM
MD
LG