رسائی کے لنکس

راولپنڈی: فائرنگ سے شیعہ مسلک کے تین افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بظاہر یہ فرقہ وارانہ تشدد کا واقعہ معلوم ہوتا ہے لیکن پولیس کے مطابق اس بارے میں تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کردیا۔ مرنے والوں کا تعلق شیعہ مسلک سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ راولپنڈی کے علاقے چراہ روڈ پر جمعہ کو دیر گئے پیش آیا جس میں فیاض حسین شاہ نامی ایک وکیل اور ان کے دو رشتے داروں کو اس وقت حملہ آوروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب وہ ایک مذہبی تقریب سے واپس گھر پہنچے۔

حملہ آور یہاں پہلے سے موجود تھے جو اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد یہاں سے فرار ہوگئے۔

مقامی پولیس حکام نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

بظاہر یہ فرقہ وارانہ تشدد کا واقعہ معلوم ہوتا ہے لیکن پولیس کے مطابق اس بارے میں تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق فیاض حسین شاہ تحریک انصاف کے مقامی کارکن اور شیعہ برادری میں خاصے متحرک تھے۔

پاکستان میں شیعہ سنی فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کوئی نئی بات نہیں اور گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف شہروں میں دونوں فرقوں کے کئی جید علما سمیت متعدد افراد اس پرتشدد لہر کا نشانہ بن چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے راولپنڈی کے علاقے چٹی ہٹیاں میں ایک امام بارگاہ کے باہر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں کم ازکم سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG