رسائی کے لنکس

انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں میں مضبوط تعاون کا عزم


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کو دہرایا ہے۔

نیو یارک اور واشنگٹن پر دہشت گرد حملوں کے 10 برس مکمل ہونے پر اتوار کو امریکہ سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ 11 ستمبر 2001ء کو امریکی شہروں پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد کو خراج عقیقدت پیش کرنے میں وہ امریکہ اور دیگر ملکوں کے ساتھ ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ 11 ستمبر کی منابست سے موزوں ہو گا کہ آج عالی برادری برداشت، انسانی ہمدردی، بھائی چارے اور تمام اقوام کے درمیان دوستی کے بہترین تصورات کی توثیق اور ایک بہتر دنیا قائم کرنے کی کوششوں کے عزم کی تجدید کرے۔

گزشتہ ایک دہائی کے دوران انتہا پسندی اور دہشت گردی نے پاکستان کو بھی بُری طرح متاثر کیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی قیادت میں لڑی جانے والی جنگ کا حصہ بننے کے بعد سے ملک میں دہشت گردانہ حملوں میں 35 ہزار سے زائد پاکستانی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ عسکریت پسندوں کےخلاف کارروائیوں اور جوابی حملوں میں 3,500 سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

ملک میں شورش پسندوں کی کارروائیوں اور ان کی سرکشی کے لیے کیے جانے والے فوجی آپریشنز سے قومی معیشت کو بھی غیر معمولی نقصانات ہوئے ہیں جب کہ بیرونی سرمایہ کاری میں غیر معمولی کمی کے باعث بے روزگاری کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سرکاری اندازوں کے مطابق گزشتہ 10 سالوں کے دوران پاکستان کی معیشت کو تقریباََ 70 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

XS
SM
MD
LG