رسائی کے لنکس

پاکستانی سیکرٹری خارجہ اتوار سے افغانستان کا دورہ کریں گے


اسی ماہ افغانستان کے سابق صدر برہان الدین ربانی کی سربراہی میں اعلیٰ امن کونسل کے ایک وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا
اسی ماہ افغانستان کے سابق صدر برہان الدین ربانی کی سربراہی میں اعلیٰ امن کونسل کے ایک وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا

پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر افغانستان حکومت کی دعوت پر 16سے 17جنوری تک کابل کا دورہ کریں گے۔

ہفتے کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں اس دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں تاہم یہ کہا گیا ہے کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان قریبی بردرانہ تعلقات ہیں جنہیں گذشتہ ماہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دورہ افغانستان سے مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سیکرٹری خارجہ کا دورہ باہمی دلچسپی اور تشویش کے معاملات پر جاری قریبی اشتراک کا حصہ ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے پالیسی امور پر باہمی مشاورت کو بڑھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو ایک جامع انداز سے مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سلمان بشیر کابل کا دورہ ایک ایسے وقت پر کرنے جارہے ہیں جب اسی ماہ افغانستان کے سابق صدر برہان الدین ربانی کی سربراہی میں اعلیٰ امن کونسل کے ایک وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور پاکستان کی سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔ فریقین نے افغانستان میں عوامی سطح پر مصالحت کے عمل کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور اس مقصد کے لیے روایتی جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سرکاری سطح پر ایک مشترکہ کمیشن قائم کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا گیا۔

دورے کے دوران وائس آف امریکہ سے انٹرویو میں سابق افغان صدر کا کہناتھا کہ پاکستان ان کے ملک میں امن وسلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور پاکستانی رہنماؤں سے ان کے وفد کی بات چیت ان ہی کوششوں کو آگے بڑھانے کا حصہ ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی ایسے طالبان باغیوں کے ساتھ مصالحت کی کوشش کررہے ہیں جو تشدد ترک کرنے اور دہشت گردوں سے قطع تعلق کرنے پر تیار ہوں۔ افغانستان کے تمام نسلی گروپوں کے نمائندوں پر مشتمل اعلیٰ امن کونسل کا قیام اسی سلسلے کو آگے بڑھانے کی کڑی ہے۔

XS
SM
MD
LG