رسائی کے لنکس

پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی شراکت داری پر زور


پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی افغانستان کے صدر حامد کرزئی سے ہاتھ ملاتے ہوئے
پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی افغانستان کے صدر حامد کرزئی سے ہاتھ ملاتے ہوئے

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے جمعرات کو پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات میں سکیورٹی کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اُمور پر بات چیت کی ۔

وزیراعظم گیلانی نے افغان صدر اور اُن کے وفد کے اعزازمیں دیے جانے والے ظہرانے سے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک کو قریبی شراکت داری کے لیے باہمی تعلقات میں ایک ایسی نئی جہد کی ضرورت ہے جس میں صرف کامیابی ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کو درپیش بہت سے چیلنجزمشترک ہیں اور اُن کے بقول پاکستان اور افغانستان کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔

ا ن کے مطابق پاکستان اور افغانستان دونوں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے بری طر ح متاثرہوئے ہیں اور اُنھوں نے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

صدر حامد کرزئی اور وزیراعظم گیلانی نے باہمی تجارت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجار ت کاحجم دو ارب ڈالر ہے اور دونوں ملکو ں کوسن 2015 ء تک اس کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی کوشش کرنا ہوگی۔

صدر حامد کرزئی دو روزہ دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچے تھے اوراُنھوں نے پاکستانی ہم منصب صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں کہا تھا کہ دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور اُن کی پناہ گاہوں چاہے وہ افغانستان میں ہوں یا پاکستان میں اُن کو ختم کیا جانا چاہیئے۔


XS
SM
MD
LG