رسائی کے لنکس

علاقائی امن کے لیے پاک امریکہ قریبی تعاون پر اتفاق


خصوصی امریکی سفیر جیمز ڈوبنز

خصوصی امریکی سفیر جیمز ڈوبنز

جلیل عباس جیلانی اور جیمز ڈوبنز نے تمام شعبوں میں پاک امریکہ قریبی تعاون جاری رکھنے کے علاوہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان جیمز ڈوبنز نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی۔

رواں ماہ کے اوائل میں اپنی تعیناتی کے بعد جیمز ڈوبنز کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز اور سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال خاص طور پر افغانستان میں حال ہی میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق اس ملاقات میں پاک امریکہ دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال گیا ہے۔

پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے امریکی نمائندہ خصوصی کو افغانستان میں قیام امن اور مصالحت کی کوششوں کے لیے اسلام آباد کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جلیل عباس جیلانی اور جیمز ڈوبنز نے تمام شعبوں میں پاک امریکہ قریبی تعاون جاری رکھنے کے علاوہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔

جمیز ڈوبنز کی بطور امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان تعیناتی کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سفیر جیمز ڈوبنز ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سفارتکار ہیں اور اسلام آباد کو امید ہے کہ اس تعیناتی سے علاقے میں امن و سلامتی اور خوشحالی لانے کی مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔


سفیر ڈوبنز نے ایک ایسے وقت پاکستان کو دورہ کیا جب ملک میں 11 مئی کے انتخابات میں کامیاب ہونے والی جماعت مسلم لیگ (ن) مرکز میں آئندہ ہفتے حکومت بنانے جا رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی انتخابات میں کامیابی کے بعد صدر براک اوباما نے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے نواز شریف کو مبارکباد دی تھی اور مستقبل میں نئی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کو بھی دہرایا تھا۔
XS
SM
MD
LG