رسائی کے لنکس

اکمل برادران زمبابوے کے خلاف کھیلیں گے، آفریدی


اکمل برادران زمبابوے کے خلاف کھیلیں گے، آفریدی
اکمل برادران زمبابوے کے خلاف کھیلیں گے، آفریدی

پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اب تک چار میچ کھیل کر چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور پیر کو زمبابوے کے خلاف میچ جیتنے کی صورت میں عالمی کپ کے کواٹر فائنل میں پہنچ جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفرید ی نے کہا ہے کہ کارکردگی کوبہتر کرنے کی جدوجہد میں مصروف وکٹ کیپر کامران اکمل اور اُس کا چھوٹابھائی عُمر اکمل دونو ں پیر کو زمبابوے کے خلاف عالمی کپ کے میچ میں حصہ لیں گے۔

اُنھوں نے یہ بیان اتوار کو ایک ایسے وقت دیا ہے جب اکمل برادران کی ٹورنامنٹ کے اگلے میچوں میں شرکت کے بارے میں قیاس آرائیاں زور پکڑتی جارہی تھیں۔

گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف کامران اکمل نے راس ٹیلر کے صفر اور چار رنز پر دو کیچ گرا دیے تھے جسے مبصرین پاکستان کی 110 رنز سے شکست کی بڑی وجہ قراردے رہے ہیں۔جبکہ اس سے قبل کامران نے سری لنکا کے خلاف میچ میں کپتان کمار سنگا کارا کو دومرتبہ سٹمپ آؤٹ کرنے کا موقع گنوادیاتھا۔

اُن کے چھوٹے بھائی عمر اکمل کو دور وز قبل پریکٹس کے دوران انگلی میں چوٹ لگنے کے بعد اُنھیں کامران کی جگہ وکٹ کیپر کے طور پر کھلانے کا منصوبہ بھی قابل عمل نہ رہا اس لیے میڈیا میں ان دونوں بھائیوں کی آئندہ میچوں میں شمولیت کے بارے میں شکوک شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

ٹیم انتظامیہ نے اُن قیاس آرائیوں کو مسترد کیا ہے کہ اپنے بھائی کی ٹیم میں جگہ کو یقینی بنانے کے لیے عمر اکمل نے انگلی پر چوٹ لگنے کا بہانہ بنایا۔
اتوار کو عمر اکمل نے اپنے دائیں ٹخنے میں تکلیف کی شکایت کی لیکن شاہد آفریدی نے سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں۔” وہ (عمر) فِٹ ہے اور چوٹ بہت معمولی ہے۔ آج اُس نے فیلڈنگ کی مشق کی اور وہ لازمی کل کا میچ کھیلے گا۔“

اکمل برادران زمبابوے کے خلاف کھیلیں گے، آفریدی
اکمل برادران زمبابوے کے خلاف کھیلیں گے، آفریدی

پاکستانی کپتان نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس وقت اُن کی ٹیم کے پاس وکٹ کیپر کے معاملے میں کوئی اور آپشن نہیں ہے ۔”بیٹنگ میں کامران کی کارکردگی بری نہیں ہے لیکن ،ہاں، وکٹ کیپنگ میں اُنھیں جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔ وہ بہت محنت کررہا ہے اور ہمارے پاس کوئی اور آپشن بھی تو نہیں جسے ہم اس ٹورنامنٹ میں موقع دے سکیں۔“

شاہد آفرید ی نے کہا کہ اُن کی ٹیم کے کھلاڑیوں پر منفی سوچ ہر گز حائل نہیں۔” ہماری توجہ ہر دن اور ہر میچ پر مرکوز ہے اور اگر ہم زمبابوے کے خلاف جیت گئے تو ڈریسنگ روم کا ماحول بہتر اور مثبت ہو گا۔ جیت ہمیشہ آپ کو اعتماد دیتی ہے۔ “

پاکستانی کپتان نے کہا کہ اُنھیں اُمید ہے کہ بلے باز، خصوصاََ ابتدائی نمبروں پر کھیلنے والے کھلاڑی اُن غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے جو اُنھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کیں۔

آفرید ی نے بتایا کہ پچھلے دو روز کے دوران افتتاحی بلے بازوں نے اپنے کوچوں کی مدد سے بہت محنت سے مشقیں کی ہیں اوروہ پُر اعتماد ہیں کہ پیر کو کھیلے جانے والے میچ کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
”ہماری حکمت عملی ہو گئی کہ وکٹیں کھوئے بغیر ہم مثبت کھیل کا مظاہرہ کریں۔ میں نے سب سے کہہ دیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں جیسا کے سب ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں۔ “

پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اب تک چار میچ کھیل کر چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور پیر کو زمبابوے کے خلاف میچ جیتنے کی صورت میں عالمی کپ کے کواٹر فائنل میں پہنچ جائے گا۔


XS
SM
MD
LG