رسائی کے لنکس

پشاور: دو بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی پروازیں معطل


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

ایمریٹس ائیر لائنز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ فیصلے تک پشاور کے لیے پروازیں معطل رہیں گی۔

سلامتی کے خدشات کے باعث دو بین الاقوامی فضائی کمپنیوں ایمریٹس اور اتحاد ائیر لائنز نے پشاور کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

یہ فیصلہ رواں ہفتے پشاور کے باچا خان ائیر پورٹ پر اترنے سے چند منٹ قبل پاکستان کی قومی فضائی کمپنی 'پی آئی اے' کے طیارے پر فائرنگ کے تناظر میں کیا گیا۔

ایمریٹس ائیر لائنز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ فیصلے تک پشاور کے لیے پروازیں معطل رہیں گی۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عابد علی خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ امارات ائیر لائنز نے یکم جولائی تک پشاور کے لیے اپنی پروازیں اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جس کی اجازت دے دی گئی ہے۔

منگل کی شب پشاور ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل 'پی آئی اے' کے مسافر طیارے پر قریبی علاقے سلیمان خیل سے فائرنگ کی گئی جس سے جہاز میں سوار ایک خاتون ہلاک جب کہ دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق طیارے پر بارہ گولیاں فائر کی گئیں جب کہ اس واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے قریبی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران لگ بھگ 200 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آٹھ جون کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 10 دہشت گردوں نے ایک مربوط حملہ کیا تھا جس میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے کئی گھنٹوں کی جوابی کارروائی میں تمام 10 حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔

اس واقعے کے بعد بین الاقوامی فضائی کمپنی کیتھے پیسفک نے بھی کراچی کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی تھیں جس کے بعد اُنھیں بحال کیا گیا۔

تاہم اب کیتھے پیفسک نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ جون کے اواخر سے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دے گی۔

کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کے بعد پاکستان نے ملک بھر میں ائیر پورٹس کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG