رسائی کے لنکس

پاکستان: قبائلی علاقوں میں فضائی کارروائیاں ’25 دہشت گرد ہلاک‘


حالیہ مہینوں میں پاکستانی فوج شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں تو دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتی رہی ہے لیکن اس عرصے کے دوران پہلی مرتبہ جنوبی وزیرستان میں بھی فضائیہ کی مدد سے کارروائی کی گئی ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں فوج کی تازہ فضائی کارروائیوں میں کم از کم 25 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ کارروائیاں بدھ کو جنوبی وزیرستان میں سنضیلا اور خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں کی گئیں۔

بیان کے مطابق ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے سات ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔

حالیہ مہینوں میں پاکستانی فوج شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں تو دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتی رہی ہے لیکن اس عرصے کے دوران پہلی مرتبہ جنوبی وزیرستان میں بھی فضائیہ کی مدد سے کارروائی کی گئی ہے۔

جن علاقوں میں تازہ فضائی کارروائیاں کی گئیں وہاں تک میڈیا کے نمائندوں کی رسائی نہیں اس لیے آزاد ذرائع سے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی فوج نے 15 جون کو قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں روپوش کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے جنگجوؤں کے علاوہ دیگر شدت پسند تنظیموں کے مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا آغاز کیا۔

زمینی فوج کی کارروائیوں اور پیش قدمی کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو فضائیہ کی مدد سے بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

فوج کے مطابق اس قبائلی علاقے کے لگ بھگ نوے فیصد حصے سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جا چکا ہے اور اب بعض دور دراز علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔

شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن میں حکام کے مطابق اب تک 1200 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

اس قبائلی علاقے سے فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف دیگر قبائلی علاقوں خاص طور پر خیبر ایجنسی میں بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

اکتوبر میں فوج نے ’خیبر ون‘ کے نام سے جو آپریشن شروع کیا تھا اس میں بھی سینکڑوں دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG