رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: فضائی کارروائی میں سات 'دہشت گرد' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فضائی کارروائی وادی تیراہ کے علاقے میں کی گئی جس میں 15 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جب کہ ان کے سات ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔

افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی تازہ فضائی کارروائیوں میں کم از کم سات مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

جمعرات کو سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فضائی کارروائی وادی تیراہ کے علاقے میں کی گئی جس میں 15 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جب کہ ان کے سات ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال اکتوبر میں اس قبائلی ایجنسی میں "خیبر ون" کے نام سے اس وقت بھرپور کارروائی شروع کی جب ایک دوسرے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن "ضرب عضب" کے باعث حکام کے بقول دہشت گرد فرار ہو کر یہاں روپوش ہونے لگے تھے۔

حکام کے بقول خیبر ایجنسی میں اب تک درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے جبکہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والوں میں سے بہت سے جنگجو ہتھیار ڈال کر خود کو حکام کے حوالے بھی کر چکے ہیں۔

پاکستان نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی کا فیصلہ گزشتہ دسمبر میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد کیا اور اس سلسلے میں قبائلی علاقوں کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی سینکڑوں کارروائیوں میں بھی قابل ذکر تعداد میں دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو حراست میں لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG