رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی، 25 'دہشت گرد' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جیٹ طیاروں کی مدد سے یہ کارروائی دتہ خیل کے علاقے میں کی گئی جس کے دوران عسکریت پسندوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کی فوج نے ملک کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں تازہ ترین فضائی کارروائی میں 25 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بتایا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق جمعرات کو جیٹ طیاروں کی مدد سے یہ کارروائی دتہ خیل کے علاقے میں کی گئی جس کے دوران عسکریت پسندوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

تاہم بیان میں ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔

افغانستان سرحد سے ملحق پاکستانی قبائلی علاقوں میں میڈیا کے نمائندوں کی رسائی نہیں ہے اس لیے وہاں پیش آنے والے واقعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔

پاکستان کو گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا ہے اور عسکریت پسندوں نے افغان سرحد سے ملحق قبائلی علاقے میں محفوظ پناہ گاہیں قائم کر رکھی تھیں جہاں سے وہ ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد کارروائیاں کرتے آرہے تھے۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون میں شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف "ضرب عضب" کے عنوان سے بھرپور کارروائی شروع کی تھی جس میں اب تک تین ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا بتایا جا چکا ہے۔

حکام کے مطابق اب تک اس علاقے کے ایک بڑے حصے کو عسکریت پسندوں سے پاک کردیا گیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ چند ایک مقامات پر چھپے عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت کئی بار اس عزم کا اعادہ کر چکی ہے کہ ملک میں دشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکورٹی آپریشنز جاری رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG