رسائی کے لنکس

ٹینس اسٹار اعصام الحق کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال


یو ایس اوپن کے مکس اور مین ڈبلز کے فائنلز میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق بدھ کی شام پاکستان پہنچے۔ لاہور کے ہوائی اڈے پر پہنچنے پر ان کے اہل خانہ کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

اعصام الحق نے اس موقع پر میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ فائنل میچوں میں شکست کے باوجود قوم نے جس طرح ان کا استقبال کیا ہے اس پر وہ بہت خوش ہیں اور آئندہ جیتنے کی کوشش کریں گے۔

لوگوں کی ایک بڑی تعداد کے باعث ہوائی اڈے پر دھکم پیل دیکھنے میں آئی اور اعصام الحق کو فوری طور پر ائر پورٹ سے ان کے گھر کے لیے روانہ کردیا گیا۔

اعصام الحق نیویارک میں ہونے والے یو ایس اوپن چیمپیئن شپ کے مکس ڈبلز اور مین ڈبلز کے فائنل مقابلوں تک پہنچے تاہم اس میں فتح حاصل نہ کرسکے۔ البتہ دنیائے ٹینس کے ایک بڑے مقابلے میں کسی پاکستانی کے اس سطح پر پہلی بار پہنچنے پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور خاص طور پر فائنل مقابلے کے بعد شائقین سے خطاب کے دوران اعصام الحق کے بیان کو پاکستان بھر میں سراہا گیا۔

اعصام کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ تمام پاکستانیوں کی طرف سے دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ امن پسند لوگ ہیں اور دنیا میں امن چاہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG