رسائی کے لنکس

اسلام آباد: الجزیرہ کے صحافی کے ’اغوا‘ کی کوشش


مسٹر زیدان نے بتایا کہ اُنھوں نے پولیس کے بعض اعلٰی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے یقین دلایا کہ اس واقع میں ملوث افراد کو تلاش کیا جائے گا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں الجزیرہ نیٹ کی عربی سروس کے بیورو چیف احمد موفق زیدان نے کہا ہے کہ اُن کے گھر میں بعض نا معلوم افراد نے ہفتہ کی شب زبردستی گھس کر اُنھیں اغوا کرنے کی کوشش کی، لیکن مزاحمت پر وہ ایسا کرنے میں کامیاب نا ہو سکے۔

احمد موفق زیدان نے پیر کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ہفتے کی شب اُن کے گھر پر دستک ہوئی۔ ’’جب میں نے پوچھا کہ کون ہے تو جواب نہیں ملا، جس پر میں نے دروازہ کھولا تو دو افراد گھر میں زبردستی داخل ہونا چاہتے تھے، اُن میں سے ایک داخل ہونے میں بھی کامیاب ہو گیا لیکن میں نے اُسے دھکیلا اور لات ماری جس پر وہ گر گیا۔‘‘

مسٹر زیدان نے بتایا کہ ’’میں نے اور میری بیوی نے دروازہ بند کر دیا اور پولیس اور کچھ دوستوں کو اطلاع دی۔‘‘

احمد زیدان کے بقول اُن کے گھر کے باہر تعینات گارڈ نے کہا کہ کل چھ افراد تھے۔ مسڑ زیدان اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین ٹو میں رہتے ہیں۔

پولیس نے اس واقع کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مسٹر زیدان نے بتایا کہ اُنھوں نے پولیس کے بعض اعلٰی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے یقین دلایا کہ اس واقع میں ملوث افراد کو تلاش کیا جائے گا۔

احمد زیدان نے بتایا کہ وہ 1983 سے پاکستان میں مقیم ہیں اور اُنھوں نے اپنی تعلیم بھی یہیں مکمل کی اور اب وہ الجزیرہ عربی سروس کے اسلام آباد میں بیورو چیف ہیں۔
XS
SM
MD
LG