رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹی20 اور ایشیا کپ کے لیے پاکستانی ٹیموں کا اعلان


فائل
فائل

تین سال سے ٹیم سے باہر مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم بھی 15 رکنی اسکواڈ میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ ٹی20 ٹورنامنٹ اور اس سے قبل ہونے والے ایشیا کپ کےلیے پاکستانی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔

پچیس فروری سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے کپتان مصباح الحق ہوں گے جب کہ 16 مارچ سے کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی20 میں قومی ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کریں گے۔ دونوں ٹورنامنٹ کی میزبانی بنگلہ دیش کر رہا ہے۔

سابق کپتان شعیب ملک اور کامران اکمل کی ٹی20 اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جب کہ تین سال سے ٹیم سے باہر مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم بھی 15 رکنی اسکواڈ میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

قائم مقام چیف سلیکٹر اظہر خان کا کہنا ہے کہ تینوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے باعث قومی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

گزشتہ 11 ون ڈے اننگز میں صرف ایک ہاف سینچری اسکور کرنے والے اسد شفیق کو ایشیا کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر نے صحافیوں کو بتایا کہ انجری کا شکار فاسٹ بالر محمد عرفان کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیوں کہ انہیں مکمل صحت یاب ہونے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

عرفان گزشتہ سال نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی29 میچ میں زخمی ہوئے تھے جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں دو ماہ آرام کا مشورہ دیا تھا۔

عرفان نے صحت یابی کے بعد حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی جس کے دوران وہ دوبارہ زخمی ہوگئے تھے۔

جنوری میں سری لنکا کے خلاف ہونے والے شارجہ ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کے باعث محمد طلحہ کو دونوں اسکواڈز میں شامل کرلیا گیا ہے جو ون ڈے اور ٹی 20 میں ڈیبو کریں گے۔

'ایشیا کپ' کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان مصباح الحق کے علاوہ محمد حفیظ، احمد شہزاد، شرجیل خان، شاہد آفریدی، عمر اکمل، صہیب مقصود، فواد عالم، سعید اجمل، عبدالرحمن، جنید خان، عمر گل، انور علی، بلاول بھٹی اور محمد طلحہ شامل ہیں۔

'ورلڈ ٹی20' کا اسکواڈ کپتان محمد حفیظ، شاہد آفریدی، شعیب ملک، سعید اجمل، عمر گل، شرجیل خان، صہیب مقصود، جنید خان، بلاول بھٹی، سہیل تنویر، عمر اکمل، ذوالفقار بابر، محمد طلحہ، کامران اکمل اوراحمد شہزاد پر مشتمل ہے۔
XS
SM
MD
LG