رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں عرفان کی واپسی


فائل فوٹو

فائل فوٹو

محمد عرفان مارچ میں کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں میں کولہے کی ہڈی میں فریکچر کے باعث ان فٹ ہو گئے تھے جس کے بعد وہ اپنے علاج اور آرام کرنے کی طبی ہدایت کے باعث بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف ہونے والی سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے ممکنہ 16 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

محمد عرفان مارچ میں کرکٹ کے عالمی کپ مقابلوں میں کولہے کی ہڈی میں فریکچر کے باعث ان فٹ ہو گئے تھے جس کے بعد وہ اپنے علاج اور آرام کرنے کی طبی ہدایت کے باعث بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف ہونے والی سیریز میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

اس مرتبہ بھی جہاں ایک طرف چند اہم کھلاڑی ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے وہیں دو نئے کھلاڑیوں کو بھی ایک روزہ میچوں میں شرکت کا موقع دیا گیا ہے۔

آف اسپنر اور مڈل آرڈر بلے باز بلال آصف کو پہلی بار ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے مختار احمد کو سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں موقع دیا جا رہا ہے۔

جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض، بلے باز حارث سہیل، عمر اکمل اور صہیب مقصود کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

وہاب ریاض اور حارث سہیل اس جاری دورہ سری لنکا میں زخمی ہو کر ان فٹ ہو گئے تھے جب کہ صہیب مقصود کو ایک عرصے سے کلائی میں تکلیف کا سامنا ہے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ اگر وہاب ریاض صحتیاب ہو جاتے ہیں تو انھیں سیریز کے آخری دو ون ڈے میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

بیان کے مطابق ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ، مختار احمد، اسد شفیق، شعیب ملک، محمد رضوان، بابر اعظم، سرفراز احمد، یاسر شاہ، بلال آصف، عماد وسیم، انور علی، محمد عرفان، احسان عادل اور راحت علی شامل ہیں۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11 جولائی کو ڈمبولا میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG