رسائی کے لنکس

قلات میں سرچ آپریشن ’ایک عسکریت پسند ہلاک پانچ گرفتار‘


فرنٹیرکور ’ایف سی‘ بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ضلع قلات کے علاقے نیمُرغ میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران جب ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں موجود مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں حکام کے مطابق ایک عسکریت پسند مارا گیا جب کہ پانچ کو گرفتار کر لیا گیا۔

فرنٹیرکور ’ایف سی‘ بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ضلع قلات کے علاقے نیمُرغ میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران جب ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں موجود مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص مارا گیا، جس کی شناخت ظفراللہ کے نام سے کی گئی۔

فرنٹیرکور کے ترجمان کے مطابق پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے خودکار اسلحہ اور گولہ و بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آزاد ذرائع سے فرنٹیرکور بلوچستان کے ان دعوﺅں کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی ہے اور نا ہی ہلاک اور گرفتار کیے گئے افراد کی کسی عسکری تنظیم سے تعلق کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ مقامی انتظامیہ نے بھی واقعہ کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ضلع قلات میں کالعدم تنظیم کے خلاف نیم فوجی فورس ’ایف سی‘ کی کارروائی کے بعد ایک بیان میں بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو صوبے میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

ادھر کوئٹہ کے علاقے جائنٹ روڈ پر نامعلوم خاتون جواں سالہ لڑکی پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گئی، پولیس حکام کے مطابق جائنٹ روڈ پر ریلوے کالونی میں رہائش پذیر محمد سلیم کے گھر ایک خاتون نے دستک دی، جس پر اُس کی جوان سالہ بیٹی نے دروازہ کھولا تو نا معلوم خاتون نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گئی۔

لڑکی کو بولان میڈیکل کالج کے برن وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک بتائی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG