رسائی کے لنکس

تباہ شدہ جہاز کا بلیک باکس مل گیا

  • محمداشتیاق

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان پرویز جارج نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں میں گرکر تباہ ہونے والے نجی فضائی کمپنی کے طیارے” ائیربلیو“ کا بلیک باکس ہفتے کے روز تلاش کر لیا گیا ہے ۔

وزیر داخلہ رحمن نے بھی بتا یا ہے کہ جہاز کے ملبے سے آواز ریکارڈ کرنے والا ایک آلہ بھی ملا ہے ۔ اُنھوں نے بتایا کہ تباہ ہونے والے جہاز میں نصب ان دو اہم آلات کے ملنے کے بعد اس فضائی حادثے کی پہلے سے جاری تحقیقات میں مزید مدد ملے گی۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق چھ رکنی کمیٹی جہاز کے حادثے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور حادثے کے تیسرے روز بھی اُنھوں نے جائے حادثہ کا دور کیا۔ بین الاقوامی طیارہ ساز کمپنی ”ائیر بس “ کی ایک ٹیم بھی تحقیقات میں سوِل ایوی ایشن کے حکام کی مدد کر رہی ہے۔


حادثے کا شکار ہونے والا مسافر طیارہ Airbus321 بدھ کی صبح کراچی سے اسلا م آباد پہنچنے کے بعد موسلا دھار بارش اور دھند میں وفاقی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش میں مارگلہ کی ایک پہاڑی سے ٹکر ا کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں عملے کے چھ ارکان سمیت 152 افراد ہلاک ہو گئے۔

حکام نے بتایا ہے کہ بلیک باکس صحیح حالت میں ہے اور اب اسےبیرون ملک بھیجا جائے گا جہاں اس میں موجود معلومات حاصل کر کے حادثے کی وجوہات جاننے میں مدد لی جائے گی۔

بلیک باکس طیارے میں نصب ایک ایسا آلہ ہوتا ہے جس میں پرواز کے بارے میں بہت سی معلومات بشمول اس کی بلندی ،رفتار اور دیگر ضروری گفت وشنید ریکارڈ ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG